رسائی کے لنکس

امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید سرمائی طوفان جاری


نیویارک میں سڑکوں سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔
نیویارک میں سڑکوں سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے آنے والا شدید سرمائی طوفان اور برف باری کا سلسلہ امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں ٘میں پیر کے روز بھی جاری رہا۔ موسمیات کے ماہرین نے اکثر علاقوں میں ایک سے پانچ انچ تک برف باری کی پیش گوئی ہے جب کہ کینیڈا کے شہر انٹاریو کے علاقے میں زیادہ برف پڑ سکتی ہے۔

ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں جہاں اپنی نوعیت کے اس شدید سرمائی طوفان سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا، وہاں سردی کا زور ٹوٹ رہا ہے اور آہستہ آہستہ درجہ حرارت اپنے معمول کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ہیوسٹن میں پیر کے روز درجہ حرارت 60 درجے فارن ہائیٹ تک پہنچ گیا جب کہ ہفتے کے باقی دنوں کے لیے درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پیر کے روز ہلکی برف اور پھر فریزنگ رین یا جمنے والی بارش ہوئی، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ فریزنگ رین یا جمنے والی بارش ٹریفک اور چلنے پھرنے میں بہت مشکلات پیدا کرتی ہے۔ اس بارش کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم ہوتا ہے اور بارش کی بوندیں جہاں بھی پڑتی ہیں، فوراً جم کر شیشہ بن جاتی ہیں۔ اسے بلیک آئس یعنی کالی برف بھی کہا جاتا ہے۔

فریز رین یا بلیک آئس انتہائی پھسلواں ہوتی ہے اور اس پر قدم جما کر چلنا یا گاڑی چلانا بہت دشوار ہو جاتا ہے۔

ہوسٹن میں لوگ پانی کے لیے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔
ہوسٹن میں لوگ پانی کے لیے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔

امریکہ کے جنوبی علاقوں میں جہاں شدید سرمائی طوفان ختم ہو چکا ہے، وہاں لوگ طوفان گزرنے کے بعد کے مسائل سے نمٹ رہے ہیں۔ اکثر علاقوں میں پائپ لائنز کے پھٹنے سے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور لوگ بالٹیاں اور دوسرے برتن لیے لمبی قطاروں میں ان جگہوں پر اپنی باری کا انتظار کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جہاں پانی دستیاب ہے۔

ہیوسٹن میں پانی کی قلت کا سامنا اسپتالوں کو بھی کرنا پڑ رہا ہے اور وہ اس صورت حال سے نمٹے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ جب کہ حکام بحالی کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

سرمائی طوفان اور برف باری سے وسطیٰ امریکہ کے اکثر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی اور تقریباً 40 لاکھ افراد برقی رو سے محروم ہو گئے تھے۔ تاہم اب زیادہ تر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال ہو چکی ہے۔ اور بجلی سے محروم گھروں کی تعداد سمٹ کر چند ہزار رہ گئی ہے۔

شدید سرمائی طوفان املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ درجنوں انسانی زندگیاں بھی نگل چکا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 76 تک پہنچ گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG