رسائی کے لنکس

وزڈن 2022: جو روٹ اور محمد رضوان بہترین کرکٹر کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب


 سال 2021 میں بہترین کارکردگی دکھانے پر انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کپتان جو روٹ 'وزڈن کے لیڈنگ کرکٹر' جب کہ پاکستانی بیٹر محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی میں 'لیڈنگ کرکٹر' کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
سال 2021 میں بہترین کارکردگی دکھانے پر انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کپتان جو روٹ 'وزڈن کے لیڈنگ کرکٹر' جب کہ پاکستانی بیٹر محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی میں 'لیڈنگ کرکٹر' کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

کرکٹ کی بائبل مانے جانے 'وزڈن کرکٹرز المناک' کا 2022 ایڈیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں گزشتہ برس بہترین کارکردگی دکھانے پر انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کپتان جو روٹ 'وزڈن کے لیڈنگ کرکٹر' جب کہ پاکستانی بیٹر محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی میں 'لیڈنگ کرکٹر' کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

خواتین کی کرکٹ میں لیڈنگ کرکٹر کا ایوارڈ جنوبی افریقہ کی کھلاڑی لیزل لی کے نام رہا ہے۔

اسی طرح 'وزڈن کے فائیو کرکٹر آف دی ایئر' میں بھارتی کھلاڑیوں کا راج رہا ہے اور پانچ میں سے دو ایوارڈ بھارتی کرکٹرز لے اڑے ہیں۔

واضح رہے کہ 'وزڈن کرکٹرز المناک' کرکٹ کا ایک سالانہ رسالہ ہے جس کا اجرا پہلی مرتبہ 1864 میں انگلینڈ سے ہوا تھا۔ اسے کچھ لوگ کرکٹ کی بائبل مانتے ہیں جب کہ باقی اس میں اپنا نام دیکھنے کا خواب دیکھتے ہیں۔ اب تک اس کے 150 سے زائد ایڈیشن آ چکے ہیں جن میں گزشتہ سال ہونے والے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میچز کے اسکور کارڈ، تجزیے اور فیچرز شامل کیے جاتے ہیں۔

'وزڈن کے فائیو کرکٹر آف دی ایئر' میں بھارتی کپتان روہت شرما اور فاسٹ بالر جسپرت بمراہ سمیت، نیوزی لینڈ کے اوپنر ڈیوون کانوے، انگلش بالر اولی رابنسن اور جنوبی افریقی آل راؤنڈر ڈین وین نی کرک جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

وزڈن کے لیڈنگ کرکٹر کا اعزاز پانے والے جو روٹ نے سال 2021 میں 15 ٹیسٹ میچز میں 61 کی اوسط سے ایک ہزار 708 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کا کوئی کھلاڑی اگرچہ فائیو کرکٹر آف دی ایئر میں جگہ نہیں بنا سکا۔ البتہ دنیا میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پاکستانی بیٹر محمد رضوان اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

محمد رضوان مسلسل دوسرے برس وزڈن کا حصہ بنے ہیں۔ گزشتہ برس وہ 'وزڈن فائیو کرکٹرز آف دی ایئر' میں شامل ہوئے تھے جب کہ اس مرتبہ وہ وزڈن کے لیڈنگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹر بنے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لیڈنگ کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو یا پاکستان سپر لیگ ، سال 2021 میں محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چھائے رہے۔

انہوں نے سال 2021 میں 27 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 72.88 کی اوسط سے ایک ہزار 329 رنز اسکور کیے۔ جس میں ایک سینچری اور 11 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

وہ کلینڈر ایئر میں ایک ہزار رنز عبور کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بنے۔ اس سے قبل کوئی کھلاڑی یہ اعزاز حاصل نہیں کرسکا تھا۔

XS
SM
MD
LG