اے ایف پی کے مطابق، آسٹریلوی میڈیا نے پیر کو رپورٹ کیا ہے کہ سابق عالمی سائیکلسٹ چیمپئن روہن ڈینس پر اپنی اہلیہ میلیسا ہوسکنز کی موت کے سلسلے میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے،جو خود بھی اولمپک سائیکلسٹ تھیں۔
دو بچوں کی ماں میلیسا ہوسکنز ،جنوبی اسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں اس وقت ہلاک ہوئیں جب ان کی کار، جسے ان کے شوہر ڈینیس چلا رہے تھے، ایک دوسری کار سے ٹکرا گئی۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ ڈینس پر خطرناک ڈرائیونگ ،جس کے نتیجے میں موت واقع ہوئی ، جان کو خطرے میں ڈالنے اور بے توجہی سےگاڑی چلانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
32 سالہ میلیسا ہوسکنز نے لندن اور ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں آسٹریلیا کے لیے مقابلے میں حصہ لیا تھا۔
پولیس نے کہا کہ ہفتے کی شام لگ بھگ 8 بجے ایڈیلیڈ کے مضافاتی علاقے سے ان رپورٹس کے بعد، کہ ایک خاتون ایک گاڑی کی ٹکر کی زد میں آئی ہیں،ایمر جنسی سروسز کو فون کر کے ایک پتے پر بلایا گیا ۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون کو ، جن کی بعد میں شناخت ہوسکنز کے نام سے ہوئی، شدید چوٹیں آئیں اور رائل ایڈیلیڈ اسپتال لے جانے کے بعد ا ن کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس نے گاڑی چلانے والے کےنام کی تصدیق کیے بغیر کہا ہےکہ،” ڈرائیور خاتون کو جانتا ہے۔ “
انٹر نیشنل ایسو سی ایشن آف سائیکلسٹس نے کہا ہے کہ اسے ہوسکنز کی موت کے بارے میں جان کر صدمہ پہنچا ہے ۔
سی پی اے ویمین نے سوشل میڈیا پر کہا ،” ہم ان کے چاہنے والوں سے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ، اورسب سے پہلے ان کے بچوں سے “
ہوسکنز نے 2012 اور 2016 کے اولمپکس میں حصہ لیا تھا اور وہ اس اسکواڈ میں شامل تھیں جس نے ایونٹ میں 2015 کا عالمی ٹائٹل جیتا تھا۔
آس سائیکلنگ کے چیف ایگزیکٹیو مارنے فیکنر نے پیر کو ایک بیان میں کہا، “میلیسا نے 2015 کی عالمی چیمپیئن شپ میں اپنی ٹیم کے گولڈ میڈل کو اپنے کیریئر کی خاص بات قرار دیا تھالیکن ہم سب باقی لوگوں کے لیے، خاص بات ہمارے ارد گرد ان کی موجودگی تھی۔ “
فیکنر نے مزید کہا، اگرچہ ہوسکنز 2017 میں ریٹائر ہو گئی تھیں ، لیکن اس کھیل کے ایک سابق کھلاڑی کے طور پر ان کی موجودگی کو سائیکلنگ اور رائیڈنگ کمیونٹی میں بہت سے لوگوں نے محسوس کیا اور سراہا،"
ہوسکنز نے آسٹریلوی ٹیم GreenEDGE کے ساتھ کئی سال تک روڈ سائیکلنگ میں بھی حصہ لیا تھا۔
33 سالہ ڈینس نے روڈ ٹائم ٹرائل میں دو عالمی ٹائٹل جیتے، ساتھ ہی لندن اولمپکس میں ٹیم مقابلے میں چاندی اور ٹوکیو اولمپکس میں روڈ ٹائم ٹرائل میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
وہ 2015 میں ٹور ڈی فرانس میں ابتدائی ٹائم ٹرائل جیت کر ریس لیڈر کے طور پر پیلی جرسی پہننے والے ساتویں آسٹریلوی بن گئے، جنہوں نے اپنی اوسط رفتار کے لیے ریس کا ریکارڈ قائم کیا۔
ڈینس کو ، جو سائیکلنگ مقابلوں سے ریٹائر ہو چکے ہیں، 2015 اور 2018 میں” آسٹریلین سائیکلسٹ آف دی ایئر” قرار دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے آبائی شہر ایڈیلیڈ میں 2015 کا “ٹور ڈاؤن انڈر” جیتا تھا
2018 میں ان کی ریٹائرمنٹ اور ان کی شادی کے بعد، ڈینس کا خاندان یورپ سے ایڈیلیڈ منتقل ہو گیا۔
ہوسکنز اور ڈینس اس ماہ ایڈیلیڈ میں ٹور ڈاؤن انڈر کے ایک پروگرام میں حصہ لینے والے تھے۔
ٹور ڈاؤن انڈر کے منتظمین نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہـ ہم میلیسا کی موت پر رنجیدہ ہیں ۔ یہ ایک انتہائی المناک صورتحال ہے جس میں ہم نے ایک نوجوان ماں اور ایک سائکلسٹ چیمپئن کاکھونا دیکھا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ، روہن ڈینس اب اس پروگرام میں حصہ نہیں لیں گے۔”
اس رپورٹ کا مواد اے پی ، اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔
فورم