نتن یاہو اسرائیل کے وزیر اعظم منتخب، یائر لیپڈ نے انتخابات میں شکست تسلیم کر لی
اسرائیلی وزیر اعظم یائر لیپڈ نے کہا ہے کہ انہوں نے اس ہفتے کے انتخابات میں سابق وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو سے اپنی شکست کو تسلیم کر لیا ہے ۔
ایک بیان میں لیپڈ نے نتن یاہو کو مبارکباد دی اور اپنے دفتر کو انتقال اقتدار کی تیاری کی ہدایات دے دیں ہیں ۔
سابق وزیر اعظم نتین یاہو توقع ہے کہ امکانی طور پر جب آنے والے ہفتوں میں اقتدار سنبھالیں گے تو وہ ملک کی تاریخ کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت کی قیادت کریں گے ۔
اسرائیل میں منگل کو چار سال میں ہونے والے اس کے پانچویں انتخابات ایک ایسے سیاسی بحران کے دوران منعقد ہوئے تھے جب ووٹرز بدعنوانی کے مقدمے کے دوران خدمات انجام دینے کی نتن یاہو کی صلاحیت پر اختلاف کا شکار تھے ۔
جنوبی کوریا اور امریکی فضائی مشقوں میں ایک روز کی توسیع
جنوبی کوریا کی فوج نے شمالی کوریا کی فوج کے اشتعال انگیزیوں کو حوالہ دیتے ہوئے جمعے کے روز اعلان کیا کہ امریکہ او ر جنوبی کوریا کے درمیان ویجیلینٹ اسٹارم نامی بڑے پیمانے کی فضائی مشقیں جن میں 240 طیارے حصہ لے رہے ہیں ایک اور روز کے لیے ہفتے تک جاری رہیں گی ۔
بدھ کے روز سے شمالی کوریا 30 میزائل لانچ کر چکا ہے جن میں سے کچھ کی وجہ سے جنوبی کوریا اور جاپان کو فضائی الرٹس اور ہنگامی پناہ گاہوں میں جانے کے احکامات جاری کرنے پڑے۔
متعدد سفارت کاروں نے وی او ا ے کو بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل امریکہ اور متعدد ملکوں کی درخواست پر شمالی کوریا کی میزائل لانچنگ پر گفتگو کے لیے جمعے کو اجلاس کرے گی۔
جنوبی کوریا کے جوائٹ چیفس آف اسٹاف کے ایک بیان کے مطابق شمالی کوریا نے رات بھر اپنے مشرقی ساحل سے پرے ایک حساس سمندری سرحدی علاقے میں 80 گولے بھی داغے ۔
واشنگٹن میں جنوبی کوریا اور امریکہ کے دفاع سے متعلق سربراہان نے جمعرات کو اس عزم کا اظہار کیا کہ شمالی کوریا کےمیزائل تجربات کے رد عمل میں وہ اپنے دفاعی اقدامات میں اضافہ کر دیں گے ۔
پنٹگان میں اجلاس کے بعد جاری ایک بیان کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن نے کہا کہ امریکہ یا اس کے اتحادیوں کے خلاف نان اسٹریٹجک جوہری ہتھیاروں سمیت کوئی بھی جوہری حملہ ناقابل قبول ہوگا اور اس کے نتیجے میں کم کی حکومت ختم ہو جائے گی ۔
اسرائیل میں انتخابات: نتن یاہو کا پلڑا بھاری
سابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو قومی انتخابات میں فتح کی جانب گامزن دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے اب تک شمار کیے گئے ووٹوں میں سے 80 فیصد حاصل کیے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ووٹرزنے انہیں اور ان کے انتہائی دائیں بازو کے اتحادیوں کو ملک کی پارلیمنٹ میں بظاہر ایک مضبوط اکثریت دے دی ہے۔
ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور یہ نتائج حتمی نہیں ہیں ۔
شمالی کوریا کی میزائل لانچنگ، جنوبی کوریا میں خطرے کے الارم بجائے گئے
شمالی کوریا نے بدھ کے روز دس میزائل فائر کیے جن میں کم ا ز کم تین جنوبی کوریا کے علاقے کی جانب داغےگئے۔
یہ ایک ایسی غیر معمولی لانچنگ تھی جس کے نتیجے میں جنوبی کوریا کے ٹیلی وژنز میں الرٹس نشر کیے گئے اور ساحل کے قریب ایک جزیرے پر فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔
جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق شمالی کوریا کا ایک میزائل جنوبی کوریا کے شمال مشرق میں ایک ساحلی سیاحتی مقام ، سوکچو کے مشرق میں صرف 57 کلومیٹر کے فاصلے پر پانیوں میں گرا ۔
ایک اور میزائل جنوبی کوریا کے مشرقی ساحل کے قریب ایک گنجان آباد علاقے ، الانگ کاؤنٹی سے 167 کلومیٹر کے فاصلے پر گرا۔
ان لانچنگز کے رد عمل میں جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ نے کہ اس نے کم از کم جمعرات کی صبح تک اپنے مشرقی ساحل کے قریب کچھ فضائی راستے بند کر دیے ہیں ۔