پاکستان میں پیر کو پولیو سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا ۔اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھرمیں پولیو کے مرض سے آگاہی اوراس کے خاتمے کے لیے کوششیں کرنا ہے ۔یہ دن ہر سال 24 اکتوبرکومنایا جاتا ہے۔
اس دن کی اہمیت کے اعتبار سے ہی پیر کو کراچی، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے متعدد چھوٹے بڑے شہروں اور اضلاع میں نسداد پولیو مہم شروع کی گئی۔ اس مہم کے تحت صرف کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 13اضلاع میں لاکھوں بچوں کو قطرے پلائے جانے کا عمل شروع ہوا۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر سید فیصل احمد نے وی او اے کو بتایا کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 5سال تک کی عمر کے 16 لاکھ 78 ہزار857 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانے کا منصوبہ ہے۔ مہم کے لئے 6040 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 5378 موبائل ٹیمیں، 415 فکسڈ سائٹ اور247 ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔
انسداد پولیو مہم قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، نصیر آباد،جعفرآباد، پشین، لورا لائی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ ،شیرانی، کوئٹہ، ژوب، جھل مگسی اور خضدار میں پیر کو شروع کی گئی۔
سید فیصل احمد نے بتایا کہ ’’ہم بلوچستا ن کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرکے دم لیں گے۔ پولیو کے عالمی دن کے موقع پر بلوچستان میں انسداد پولیو مہم اس بات کا اظہار ہے کہ ہم پولیو کیخلاف مہم میں انتہائی سنجیدہ ہیں۔ بلوچستان اس سے قبل پولیو کے حوالے سے انتہائی حساس جانا جاتا تھا۔ گزشتہ سال صوبے میں پولیو کے سات کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو اس سال بھرپور کوششوں سے ختم ہونے کے قریب ہیں اور پورے صوبے میں صرف ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہے جو بڑی کامیابی ہے۔‘‘
پاکستان بھر میں پولیو کے 16 کیسز
پاکستان میں سال 2016 کے ابتدائی نو ماہ میں پولیو کے 16 کیس سامنے آچکے ہیں۔ خوش آئند پہلو یہ ہے کہ سال 2014 میں ملک میں پولیو کے 300 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جو مستقل مہم کے باعث رواں سال صرف 16 کیسز تک محدود ہوگئی ہے۔
ملتان میں چار روزہ مہم
ملتان میں پیر سے 4 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوا جس کے تحت محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے کام پر مامور ہیں۔ مہم کے دوران 8 لاکھ 11 ہزار 411 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اسی طرح جنوبی وزیرستان، فاٹا، خیبر پختونخوا، چمن اور سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں پیر 6 روز انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ مہم کے دوران شہرکی تمام 188 یونین کونسلوں میں 22 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ ساڑھے 4 ہزار رضا کار ٹیمیں مہم میں حصہ لیں گی۔