رسائی کے لنکس

دنیا کے طویل القامت شخص کی شادی خانہ آبادی


30 سالہ سلطان ہفتے کے روز انقرہ میں اپنی 20 برس کی شامی منگیتر جن کا قد 5 فٹ 8 انچ ہے، کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے

دنیا کے سب سے طویل قامت شخص سلطان کوسن نےبالاآخر اپنی دلہن تلاش کر لی ہے۔ ترکی سے تعلق رکھنے والے سلطان کوسن جو 8 فٹ 3 انچ قد کے مالک ہیں انھوں نے اپنےمقابلے میں 2 فٹ 7 انچ چھوٹا قد رکھنے والی دوشیزہ مروت دیبو سے شادی کر لی ہے۔
برطانوی اخبار ’ایکسپریس‘ لکھتا ہے کہ 30 سالہ سلطان ہفتے کے روز انقرہ میں اپنی 20 برس کی شامی منگیتر، جن کا قد 5 فٹ 8 انچ ہے، کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ شادی اسلامی رسومات کے ساتھ انتہائی دھوم دھام سے منائی گئی جس میں گینیز بک ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر، کوسن نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شریک حیات کی تلاش کے حوالے سے نا امید ہو چکے تھے کہ انھیں مروت دیبو کے روپ میں ایک چاہنےوالا جیون ساتھی مل گیا ہے، اور اب ان کا بھی ایک نارمل انسان کی طرح خاندان بن گیا ہے۔
مروت دیبو نے سلطان کو اپنا جیون ساتھی چننے کے حوالے سے بتایا کہ انھیں خیر خواہوں نے سلطان سے شادی کرنے کے لیے منع بھی کیا لیکن وہ سلطان کے قد سے زیادہ ان کے دل کی قدر کرتی ہیں۔

انھیں سلطان کے طویل قامت ہونے سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔
’گینیزبک آف ورلڈ ریکارڈز‘ کے مطابق، 8 فٹ 3 انچ قد کےسلطان دنیا کے سب سے طویل القامت شخص ہے۔ جائنٹ سائز 28 کے حامل سلطان کے ہاتھوں کی لمبائی 27.5 سینٹی میٹر ہے اور ان کے پاؤں 36.5 سینٹی میٹر لمبے ہیں.

جبکہ, ’گینیز بک ورلڈ ریکارڈز‘ میں ان کے ہاتھوں اور پیروں کو بھی دنیا کا سب سے طویل انسانی ہاتھ اور سب سے طویل انسانی پیر قرار دیا گیا ہے۔
سلطان کے بارے میں بتایا جا تا ہے کہ وہ ایک غیر معمولی جسمانی خرابی' پٹیوٹری جائے گینٹیزم' سے دوچار ہیں۔ اس بیماری میں جسم مستقل نشوونما کے ہارمونز بناتا رہتا ہے، جس کی وجہ سے دس برس کی عمر سے کوسن کا قد لگاتار بڑھتا رہا۔ جبکہ، ان کے تین بھائی اور ایک بہن نارمل قد کاٹھ رکھتے ہیں۔
سلطان کوسن کو ’گینیز بک ورلڈ ریکارڈز‘ میں پہلی بار 2009ء میں دنیا کے سب سے طویل قامت انسان کا خطاب دیا گیا اس وقت ان کا قد 8 فٹ 1 انچ تھا، جبکہ 2011 ء کے ریکارڈ کے مطابق انھیں 8 فٹ 3 انچ قد کا حامل بتایا گیا ہے۔ تاہم، ایک میجر آپریشن کے بعد سلطان کوسن کا قد بڑھنا رک گیا ہے۔
سلطان کوسن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ان کا شمار رواں عشرے میں پیدا ہونے والے ان دس انسانوں میں ہوتا ہے جو 8 فٹ سے زیادہ طویل قد کے مالک تھے۔
XS
SM
MD
LG