رسائی کے لنکس

عالمی بینک کا کمبوڈیا کو قرضوں کی فراہمی سے مشروط انکار


عالمی بینک کا کمبوڈیا کو قرضوں کی فراہمی سے مشروط انکار
عالمی بینک کا کمبوڈیا کو قرضوں کی فراہمی سے مشروط انکار

عالمی بینک نے کمبوڈیا کو اس وقت تک نئے قرضے جاری کرنے سے انکار کردیا ہے جب تک کمبوڈین حکومت دارالحکومت نوم پنہہ میں ایک جھیل کی تعمیر کے منصوبے کے باعث بےدخل ہونے والے شہریوں کے ساتھ تنازع حل نہیں کرلیتی۔

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر انیتے ڈکسن نے ان اطلاعات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے ادارے نے گزشتہ سال دسمبر سے اب تک کمبوڈین حکومت کو کوئی نیا قرضہ جاری نہیں کیا ہے۔ ڈکسن کے مطابق ان کا ادارہ اس وقت تک قرضے جاری نہ کرنے کے فیصلے پر قائِم رہے گا جب تک حکومت اور بوئنگ کاک جھیل کے باسیوں کے درمیان معاہدہ طے نہیں پاجاتا۔

جھیل کے رقبے میں 133 ہیکٹر اراضی میں اضافہ کے منصوبے کے باعث ہزاروں خاندانوں کو علاقے سے بے دخل ہونا پڑا ہے۔ مذکورہ ترقیاتی منصوبہ ایک نجی کمپنی کے تحت چلایا جارہا ہے جس کے مشترکہ سربراہ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک سیاست دان اور ایک چینی کمپنی ہیں۔

متاثرہ اراضی کے مکین حکومت سے انہیں جھیل کے کنارے پر ہی بسانے کا مطالبہ کر رہے ہیں جو انہیں نوم پنہہ سے باہر منتقل کرنا چاہتی ہے۔ متاثرین نے اپنے مطالبہ کے حق میں کئی مظاہرہ بھی کیے ہیں جن کے دوران ان کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔

تاہم حکومتی ترجمان فے سمفن نے واضح کیا ہے کہ حکومتی عہدیداروں کے لیے مذکورہ اعلان باعثِ پریشانی نہیں۔ ترجمان کے بقول بینک اپنی حد سے تجاوز کر رہا ہے اور اس کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کی حکومت "مزید حمایت نہیں کرتی"۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ فیصلے سے اس کے کمبوڈیا میں جاری منصوبوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ بینک کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ اس وقت کمبوڈیا میں بینک کے 20 سے زائد منصوبے جاری ہیں جن پر 400 ملین ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG