رسائی کے لنکس

وہائٹ ہاؤس میں عالمی بینک کے نئے سربراہ کے نام پر غور


جنگِ عظیم دوئم کے بعد سے چلے آنے والے ایک غیر رسمی معاہدے کے تحت ورلڈ بینک کے سربراہ کا چناؤ روایتی طور پر امریکہ کرتا ہے جب کہ اس کے مقابل ادارے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہی کسی یورپی باشندے کے حصے میں آتی ہے

اطلاعات ہیں کہ امریکہ کے حکومتی حلقوں میں عالمی بینک کے سربراہی کے متوقع امیدوار کی حیثیت سے سینیٹر جان کیری اور اقوامِ متحدہ کے لیے امریکہ کی سفیر سوسن رائس کے نام گردش کر رہے ہیں۔

اوباما انتظامیہ کی جانب سے عالمی بینک کا آئندہ سربراہ بننے کے امیدواران کی جو فہرست مرتب کی گئی ہے اس میں معروف مشروب ساز کمپنی 'پیپسی' کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اندرا نوئی کا نام بھی شامل بتایا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ عالمی بینک کے موجودہ صدر رابرٹ زوئیلک اپنے عہدے کی میعاد مکمل ہونے پر جون میں عہدے سے دستبردار ہورہے ہیں۔

دریں اثنا، سینیٹر کیری کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی اتنظامیہ نے سینیٹر سے ورلڈ بینک کی سربراہی کے معاملے پر کوئی رابطہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی وہ اس عہدے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

جنگِ عظیم دوئم کے بعد سے چلے آنے والے ایک غیر رسمی معاہدے کے تحت ورلڈ بینک کے سربراہ کا چناؤ روایتی طور پر امریکہ کرتا ہے جب کہ اس کے مقابل ادارے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہی کسی یورپی باشندے کے حصے میں آتی ہے۔

لیکن دنیا کی ابھرتی ہوئی معاشی طاقتیں بشمول روس، برازیل، چین، بھارت اور جنوبی افریقہ ان دونوں اداروں کے سربراہوں کے چناؤ کے عمل میں شفافیت لانے اور انتخاب میں دیگر ممالک کے امیدواران کو بھی شریک کرنے پر زور دیتے آئے ہیں۔

ورلڈ بینک کے حکام رابرٹ زوئیلک کے جانشینی کے امیدواران کے کاغذاتِ نامزدگی 23 مارچ تک موصول کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق عالمی بینک کی سربراہی کے دیگر امیدواران میں صدر براک اوباما کے سابق اقتصادی مشیر اور وزیرِ خزانہ لارنس سمر اور موجودہ امریکی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن کا نام بھی لیا جارہا ہے لیکن سیکریٹری کلنٹن اس ذمہ داری میں اپنی عدم دلچسپی کا اظہار کرچکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG