ایک مسلح شخص نے جمعرات کی صبح امریکی ریاست اوہائیوکے شہر سنیناٹی کے مرکزی حصے میں واقع ایک بینک میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی جس سے تین افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسلح شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ مسلح شخص نے فاؤنٹین سکوائر میں واقع بینک میں گھس کر گولیاں چلائیں جہاں لابی میں اس کا سامنا پولیس اہل کاروں سے ہوا۔
پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح شخص معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔ پولیس اہل کاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ہلاک کر کے دیگر لوگوں کو خطرے سے بچا لیا۔
پولیس کے سربراہ ایلیٹ آئزک نےبتایا کہ وہ ان میڈیا رپورٹس کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ حملہ آور بینک کا ایک سابق ملازم تھا اور اس نے مخصوص لوگوں کو نشانہ بنایا۔ اس واقعہ میں کوئی پولیس اہل کار زخمی نہیں ہوا۔
پولیس نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ ان خبروں کی بھی تصدیق نہیں کر سکتے کہ حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار لی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تین یا پولیس اہل کاروں نے اس پر فائرنگ کی تھی۔
یونیورسٹی آف سنسیناٹی میڈیکل سینٹر کی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اسپتال میں تین مرد اور ایک عورت کو مرہم پٹی کے لیے لایا گیا جنہیں گولیاں لگی تھیں۔ ان میں سے دو مر گئے ہیں۔ ایک تشویش ناک حالت میں ہے جب کہ چوتھے زخمی کی حالت بھی تسلی بخش نہیں ہے۔
امریکہ میں عوامی مقامات پر گولیاں چلانے کے واقعات گاہے بگاہے پیش آتے رہتے ہیں۔ مسلح افراد کے حملوں کا نشانہ بطور خاص تعلیمی ادارے بنتے ہیں۔
بہت سے لوگ فائرنگ کے ان واقعات کو امریکہ میں اسلحہ رکھنے کی آزادی سے منسلک کرتے ہوئے اس پر پابندی لگائے کا مطالبہ کرتے ہیں۔