پیر کو یمن کے دارالحکومت صنعاء میں ایک فوجی اسپتال کے قریب کار بم دھماکے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
داعش کی یمنی شاخ نے ’ٹویٹر‘ پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، مگر اس کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
یمن کے فوجی ترجمان کا یہ بیان کہ یمنی فورسز نے سعودی عرب میں ایک فوجی اڈے پر ایک سکڈ میزائل داغا، ملک میں تین ماہ سے جاری جنگ میں شدت کا عندیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے حوثی باغیوں پر فضائی حملوں کے جواب میں کیا گیا۔
حوثیوں نے گزشتہ برس صنعا پر قبضہ کر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدر عبد ربه منصور ہادی کو سعودی عرب فرار ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔
یمن میں انتشار پھیلنے کے بعد داعش وہاں اپنی موجودگی کا زیادہ سے زیادہ اظہار کر رہی ہے۔ یمن میں حوثیوں کو اقتدار کی جنگ میں مصروف متعدد شدت پسند گروہوں اور قبائلی ملیشیا کا سامنا ہے۔