ریکارڈ توڑ کامیابی کے لیے عالمی ادارے گینیز ورلڈ ریکارڈ نے ایک چوبیس سالہ برطانوی ماڈل کو داڑھی رکھنے والی دنیا کی کم عمر خاتون کا ٹائٹل دیا ہے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ 2017ء کا نیا ایڈیشن بدھ کو جاری ہوا ہے جس میں اس سال کے سب سے زیادہ حیرت انگیز ریکارڈ کا انتخاب پیش کیا گیا ہے۔
برطانوی دارالحکومت لندن سے تعلق رکھنے والی کیٹ واک ماڈل ہرنام کور کو گینیز ورلڈ ریکارڈ نے مکمل داڑھی کے ساتھ دنیا کی کم عمر خاتون نامزد کیا ہے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق چہرے پر چھ انچ لمبی داڑھی رکھنے والی ہرنام کور نے 24 سال اور 282 دنوں کی عمر میں ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔
جسمانی شبیہہ کے مثبت تصور کے لیے باڈی پازیٹیو نامی مہم چلانے والی سرگرم سماجی کارکن ہرنام کور کو ان کے چہرے کی مخصوص داڑھی کی وجہ سے عالمی پہچان ملی ہے وہ حال ہی میں لندن فیشن ویک میں ایک ماڈل کے طور پر نظر آئی تھیں۔
انھیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دنیا کی پہلی ماڈل ہیں جنھوں نے چہرے کی داڑھی کے ساتھ کیٹ واک پیش کی جس میں انھوں نے روایتی فیشن ایبل ملبوسات کے بجائے بحریہ کے نیلے رنگ کے لباس اور سیاہ جوتوں اور سر پر روایتی سکھوں کی پگڑی زیب تن کر رکھی تھی۔
عالمی ریکارڈ حاصل کرنے پر محترمہ کور نے کہا کہ یہ ریکارڈ میرے لیے یقیناً عاجزانہ ہے۔ جیسا کہ میری داڑھی بھی اسی جدوجہد کا حصہ رہی ہے جو میں نے لوگوں کو ستانے سے باز رکھنے کے لیے سالہا سال لڑی ہے۔
ہرنام کور کے بلاگ کے مطابق انھوں نے 11 سال کی عمر میں داڑھی بڑھائی جب وہ ہارمون کی خرابی کے ایک مرض میں مبتلا ہوئیں جس کی وجہ سے ان کے چہرے پر ضرورت سے زیادہ بال بڑھتے ہیں۔
محترمہ کور کے مطابق داڑھی ان کے لیے شرمندگی کا باعث تھی لیکن سالوں خود کو نقصان پہنچانے کے بعد انھوں نے داڑھی کو اپنی شخصیت کا حصہ تسلیم کر لیا ہے۔