صدر آصف علی زرداری ہفتہ کو دو روزہ سرکاری دورے پر کویت روانہ ہورہے ہیں۔ اس سے قبل اُنھوں نے فروری میں کویت کی آزادی کی 50سالہ تقریبات میں شرکت کی تھی۔
سرکاری بیان کے مطابق صدر زرداری دورے میں کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد اور ولی عہد شہزادہ شیخ نواف الاحمد کے علاوہ وزیراعظم شیخ نصر محمد سے بھی ملاقات کریں گے۔
کویتی رہنماؤں سے ملاقات میں پاکستانی صدر دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارتی و اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔
مزید برآں صدر زرداری اہم کاروباری شخصیات اور مالی اداروں کے سربراہان سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں موقوع کا جائزہ لیں گے۔
پاکستان اور کویت کے درمیان تجارت فروغ پارہی ہے اور دونوں ملکوں کے مابین تجارت کا موجودہ حجم دو ارب ڈالر سے زائد ہے۔