رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک برطانیہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق


دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک برطانیہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک برطانیہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور برطانیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدت پسندی سے کسی ایک ملک کے مکتبِ فکر کو نہیں بلکہ عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں۔

پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ کے درمیان لندن میں کی گئی ملاقات میں برطانیہ نے دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قائم دوستی اور اعتماد کے رشتوں کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

دونوں راہنماؤں کی ملاقات میں کن امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا، برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی ترجمان سعیدہ سلطانہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ خطے کی صورتِ حال، بدلتے ہوئے حالات میں پاکستان برطانیہ تعلقات، اور اس کے علاوہ پاکستان اور خطے میں امن کے لیے یہ ضروری خیال کیا گیا کہ پاکستان میں ایسے مواقع پیدا کیے جائیں جِن سے نواجوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ ولیم ہیگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔

صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کی جانب سے جاری کی گئی پریس رلیز کے مطابق صدر زرداری اور برطانوی وزیرِ خارجہ کے مابین ہونے والی ملاقات میں برطانیہ نے تعلیم کے شعبے میں پاکستان کےساتھ تعاون کے ساتھ ساتھ بیروزگاری کے خاتمے کے لیے بھی پاکستانی حکومت کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان کے مطابق صدر زرداری نے اِس موقعے پر یورپی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں برطانیہ سے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی لہر سے پاکستانی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا چاہیئے۔

صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستانی معیشت کو بیرونی تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے اور اُن کے خیال میں برطانیہ اِس میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

فرحت اللہ بابر کے مطابق دونوں راہنماؤں کے مابین کی گئی ملاقات میں پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ افغانستان سے نیٹو اور امریکی افواج کے انخلا اور وہاں قیامِ امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

XS
SM
MD
LG