رسائی کے لنکس

زرداری اور نواز شریف کی کراچی میں موجودگی سے سیاسی ماحول گرم


Pakistan's President Asif Ali Zardari, FILE August 15, 2010.
Pakistan's President Asif Ali Zardari, FILE August 15, 2010.

نواز شریف نے سندھ میں پیش قدمی کرتے ہوئے قوم پرست جماعت سندھ یونائیٹڈ پارٹی کو ساتھ ملالیا ہے

پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہوں کی کراچی میں ایک ساتھ موجودگی ناصرف سیاسی ماحول کو گرما گئی ہے، بلکہ جمعرات کوشہر قائد سیاسی سرگرمیوں کاگڑھ بنا رہا ۔صدر آصف علی زرداری اور نواز شریف دونوں نے ہی اپنے اپنے بیانات میں آئندہ انتخابات جیتنے کی توقعات ظاہر کیں جبکہ نواز شریف نے سندھ میں پیش قدمی کرتے ہوئے قوم پرست جماعت سندھ یونائیٹڈ پارٹی کو ساتھ ملالیا ہے ۔

مسلم لیگ ن کے سربراہ نے کراچی میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ساتھ باقاعدہ تحریری معاہدے پر دستخط کئے۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے جلال محمود شاہ نے دستخط کئے۔ اس موقع پر خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ ن لیگ سندھ کی تقسیم کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن میدان مارے گی۔ ن لیگ کے قائد نے کہا کہ ملک کسی غیرآئینی کام کا متحمل نہیں ہوسکتا، سیاسی پارٹیاں تمام صوبوں کو ایک نظر سے دیکھیں۔

نواز شریف
نواز شریف

جمعرات کو کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سربراہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پاس پہلے جب اقتدار تھا تو ہم نے ایٹمی دھماکے کئے تھے اور اب اقتدار میں آکر معاشی دھماکہ کریں گے ۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے کراچی میں پیپلزپارٹی کے عہدیداروں سے خطاب میں کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی جیت پیپلز پارٹی کی ہی ہوگی ۔ صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی انتخابات کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے اور آئندہ بھی قانون سازی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی سیاسی تربیت ہو رہی ہے اور آئندہ کارکنوں کی قیادت بلاول اور بختاور بھٹو کریں گے۔

صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ وفاق کی علامت ہیں ، ایوان صدر میں بیٹھ کر سیاست نہیں کر رہے، ان کی جماعت سیاست کر رہی ہے اور یہ حق ان سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ پیپلزپارٹی کی حکومت کے خلاف سازش ہو رہی ہیں جن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG