رسائی کے لنکس

یوکرین کے صدر بدھ کو امریکی کانگریس سے ورچوئل خطاب کریں گے


فائل فوٹو - یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی یوکرین کے صدارتی پریس آفس کی طرف سے فراہم کردہ اور 12 مارچ 2022 کو فیس بک پر پوسٹ کی گئی اس تصویر میں یوکرین کے شہر کیف میں خطاب کر رہے ہیں۔
فائل فوٹو - یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی یوکرین کے صدارتی پریس آفس کی طرف سے فراہم کردہ اور 12 مارچ 2022 کو فیس بک پر پوسٹ کی گئی اس تصویر میں یوکرین کے شہر کیف میں خطاب کر رہے ہیں۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی امریکی کانگریس سے اس ہفتے ورچوئل خطاب کریں گے۔ ان کا یہ خطاب ایسے موقع پر ہو گا جب روس کی جانب سے یوکرین پر حملوں میں شدت آتی جا رہی ہے۔

واشنگٹن میں برسر اقتدار ڈیموکریٹک پارٹی کے کانگریسی رہنماؤں نے اعلان کیاہے کہ زیلنسکی بدھ کو امریکہ کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کے اراکین سے بات کریں گے۔ تقریب کو عوام کے لیے لائیو اسٹریم کے ذریعے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے پیر کو نیویارک کے قانون سازوں کے ساتھ بروکلین برج پر ایک تقریب کے دوران کہا کہ یوکرین کے رہنما کا امریکی کانگریس سے خطاب کرنا ایک اعزاز کی بات ہے کیوں کہ ان کے بقول "یوکرین کے لوگ اپنی جمہوریت اور ہماری جمہوریت کے لیے لڑ رہے ہیں۔"

انہوں نے بتایا کہ زیلنسکی نے اس ملاقات کرنے کا اظہار گزشتہ ہفتے بات چیت کے دوران کیا تھا اور اب امریکہ کے قانون ساز ان کے کانگریس سے خطاب کرنے پر پرجوش ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں زیلنسکی نے امریکہ کے ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے قانون سازوں کے ساتھ ایک ویڈیو گفتگو میں مزید فوجی امداد کے لیے پُر زور درخواست کی تھی۔

مشکل سفر طے کرکے یوکرین سے پولینڈ پہنچنے والوں کی روداد
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:45 0:00

خبر رساں ادارے 'ایسو سی ایٹڈ پریس' کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین کے دارالحکومت کیف کی جانب پیش قدمی سمیت زمینی و فضائی کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔دوسری جانب یوکرینی عوام روس کی طرف سے شدید ہوتی ہوئی جنگ میں اپنے ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

اسپیکر پیلوسی اور سینیٹ میں اکثریتی ڈیمو کریٹک پارٹی کے رہنما چک شومر نے صدر زیلنسکی کے خطاب کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ ، اس کی کانگریس اور دنیا یوکرین کے لوگوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

بیان میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ تمام قانون سازوں کو اس گفتگو میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے جو یو ایس کیپٹل پر ویڈیو کے ذریعے ہو گی۔

خیال رہے کہ امریکی کانگریس نے حال ہی میں یوکرین کے لیے 13.6 بلین ڈالر کی ہنگامی فوجی اور انسانی امداد کی منظوری دی ہے۔

صدر جو بائیڈن یوکرین کی امداد پر مشتمل ایک بڑے اخراجات کے بل پر متوقع طور پر منگل کو دستخط کریں گے۔ گزشتہ ہفتے پیلوسی کی کال کے دوران زیلنسکی نے کہا تھا کہ ان کے ملک کو جنگ کے بعد دوبارہ تعمیر میں مدد کی ضرورت ہوگی۔

اسپیکر پیلوسی نے کہا کہ ابھی ہمیں 27 لاکھ یوکرینی پناہ گزینوں میں سے کچھ کی ضروریات کو پورا کرنے کے سلسلے میں مزید کام کرنا ہے۔

کانگریس رہنماؤں نے پیر کو جاری کیے جانے والے بیان میں کہا کہ کانگریس یوکرین کے عوام کی حمایت کے لیے پُرعزم ہے کیوں کہ وہ روسی صدر ولادیمیرپوٹن کی ظالمانہ اور شیطانی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG