رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: زمبابوے کا پاکستان کو 195 رنز کا ہدف


دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لئے195رنز کا ہدف دیا ہے۔ کپتان مساکادزا اور پیٹرمور نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

بلاوایو میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کرپہلے اپنے بیٹسمینوں چامو چبھابھا اور برائن چاری کو آزمانے کا فیصلہ کیا لیکن دونوں ہی توقعات پر پورا نہ اُترسکے اور 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں اوپنرز کو عثمان خان نے آؤٹ کیا۔

نئے آنے والے بیٹسمینوں مساکادزا اور موسا کاندا نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور مزید کوئی وکٹ کھوئے بغیر اسکور 80 رنز تک پہنچادیا لیکن موساکاندا 24 رنز کی اننگز کھیل کر مساکادزا کا ساتھ چھوڑ گئے۔

مساکادزا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کپتان سرفراز نے بولنگ میں تبدیلی کرتے ہوئے شعیب ملک کو موقع دیا۔ یہ تبدیلی کارگر ثابت ہوئی اور مساکادزا شعیب کی گیند پر غیرضروری شاٹ کھیل کر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ وہ 59 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ ہملٹن مساکادزا کی ایک روزہ میچوں میں یہ 34 ویں نصف سنچری ہے۔

مسادزا کے آؤٹ ہونے کے بعد پیٹر مور نے رنز بنانے کی ذمہ داری اپنے کاندھوں پر لی اور وکٹ کیپر مرے کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 35 رنز جوڑے، مرے 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس دوران پیٹر مور نے اپنے کیریئر کی تیسری نصف سنچری مکمل کی لیکن اسکور میں مزید کسی رن کا اضافہ کیے بغیر 50 پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

بعد میں آنے والا کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولرز کا عتماد کے ساتھ سامنا نہ کرسکا اور ایک بعد ایک وکٹ گرتی گئی۔ یوں زمبابوے کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 2 اوورز میں 194 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

عثمان خان شنواری نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور زمبابوے کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی نے تین اور شعیب ملک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG