امریکہ بھر میں یوم آزادی کی تقریبات

واشنگٹن میں آتش بازی کاایک دلکش نظارہ

امریکہ کےاعلان آزادی کا مسودہ جون 1776ء میں تھامس جیفر سن نے تحریر کیا تھا، جس کی باضابطہ منظوری کانگریس نے چار جولائی کو دی تھی۔
الاسکا کےدورافتادہ علاقوں سے لے کر گلف کےساحل تک، چار جولائی بدھ کو امریکی اپنا 236واں یوم آزادی منارہے ہیں۔

یہ تہوار اس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب امریکیوں نے برطانوی کالونی کی اپنی حیثیت ختم کرتے ہوئے اپنی آزادی کا باضابطہ اعلان کیاتھا۔



چار جولائی کو ملک کے طول وعرض میں بڑے شہروں سے لے کر چھوٹے قصبوں تک، لاکھوں افراد جشن آزادی کے جلوسوں کی راستوں پر کھڑے ہوکر ان کا استقبال کرتے ہیں،پکنک پارٹیوں ، موسیقی کی محفلوں اور اس سلسلے میں گھروں کی سطح پر منعقد کی جانے والی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں اور شام کو آتش بازی کے دلفریب نظاروں کالطف اٹھاتے ہیں۔

دارالحکومت واشنگٹن میں ہزاروں افراد یوم آزادی کے موقع پر کیپیٹل ہل کے سامنے ہونے والا کنسرٹ دیکھنے کے لیے نیشنل مال کے میدانوں، راستوں، اردگرد کی سڑکوں اور شاہروں کو بھر دیتے ہیں اور شام کے وقت آتش بازی کے بہت بڑے مظاہرے میں شرکت کرتے ہیں۔

کنسرٹ اور آتش بازی کے مناظر کو قومی سطح پر ٹیلی ویژن کے ذریعے نشر کیا جاتا ہے۔

چار جولائی امریکہ کا یوم آزادی



اس موقع پر امریکی صدربراک اوباما وہائٹ ہاؤس میں ایک خصوصی تقریب کی میزبانی کریں گے۔ اس تقریب کے دوران باربی کیو اور کھیلوں کے علاوہ صدارتی میرین بینڈ مہمانوں کے لیے اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔

آتش بازی کے مظاہرے میں 1812 ء اور 19 ویں صدی کی سول وار کے جنگی واقعا ت کو اجاگر کیا جائے گا۔ اسی طرح کی تقریبات فلاڈلفیا، جسے امریکہ کے پہلے دارالحکومت ہونے کا اعزاز حاصل ہے، اینا پولس ، میری لینڈ اور نیویارک میں بھی منعقد کی جارہی ہیں۔

امریکہ کےاعلان آزادی کا مسودہ جون 1776ء میں تھامس جیفر سن نے تحریر کیا تھا، جس کی باضابطہ منظوری کانگریس نے چار جولائی کو دی تھی۔