برطانیہ: عید ملن پارٹی کی رنگا رنگ تقریب

خواتین کا کہنا تھا کہ اپنوں سے وری کا احساس چونکہ عید کے موقع پر زیادہ شدت سےمحسوس ہوتا ہے ، ایسے میں اپنوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانا کسی نعمت سے کم نہیں
لندن صحیح معنوں میں ایک بین الاقوامی شہر ہے ۔ تاریخی پس ِمنظر سے قطع نظراِس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔یہاں تارکینِ وطن کی ایک بہت بڑی تعداد آباد ہے۔یہ حقیقت اور زیادہ نکھر کر اُس وقت سامنے آتی ہے جب مختلف قومیتوں کے لوگ یہاں اپنی اپنی قومی تقریبات یا تہوار مناتے ہیں۔

عیدالفطر مسلمانوں کے لیے خاص اہمیت کا دن ہے۔ چناچہ، عید کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمان اپنے روایتی لباس زیب تن کیے ایک ساتھ اکٹھے ہوتے ہیں، جو منظر دیکھنے والے کو سکون و سرور بخشتا ہے۔

عید الفطر یا میٹھی عید سال میں ایک ہی دن آتی ہے، لیکن اِس کی مٹھاس ہفتوں تک باقی رہتی ہے۔دوست،احباب اور رشتے داراس موقع پر ایک جگہ جمع ہوتے ہیں اور یہ روایت برسہا برس سےچلی آرہی ہے جس میں برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی پیش پیش نظر آتی ہے۔

اِس سال بھی پاکستانی کمیونٹی کی جانب سےعید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے ایک عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔اِس تقریب کا انعقاد مقامی میگزین کے چیف ایڈیٹر نے' والتھم فاریسٹ ٹاون ہال کے اسمبلی ہال میں کیا-تقریب کے شرکا میں 'والتھم فاریسٹ بورو مشرقی لندن کے مختلف وارڈز کے کونسلر،سابقہ میئر اور موجودہ کونسلر چوہدری لیاقت علی' اور ڈپٹی میئر حاجی ندیم علی بھی شامل تھے۔



تقریب کے دیگر مہمانان گرامی میں شہر کی اہم شخصیات خصوصاً قانون سازاداروں ،،پرنٹ میڈیا ، الیکٹرانک میڈیا کی ایک بڑی تعدادموجود تھی۔

یاد رہے کہ تاجر برادری کا کردار پاکستانی کمیونٹی میں بہت اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس تقریب میں لندن سے تعلق رکھنے والےتاجران اورکئی نامور افراد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز حسبِ معمول کلام پاک کی تلاوت اور نعت شریف سے ہوا۔جس کے بعد، معزز مہمان اسٹیج پر آئے۔ تقریب کے پہلے حصے میں مہمانوں نے اپنے مختصر خطاب میں تقریب کے منتظمین کےلیے نیک جذبات اور خواہشات کا اظہار کیااور عید کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر سابقہ میئر چوہدری لیاقت علی نے پاکستانی کمیونٹی کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے آرگنائزر کا شکریہ ادا کیا-

تقریب کے دوسرے حصے میں ایک رنگا رنگ فیشن شو پیش کیا گیا،خوبصورت ملبوسات سے سجی ماڈلز نے موسیقی کی دھن پر اسٹیج پر کیٹ واک کی تو وہاں موجود خواتین نے دل کھول کر داد دی ،جبکہ اس موقع پر لوگوں کی دلچسپی کو برقرار رکھنے کے لیے ریفل ٹکٹ کے ذریعہ بیش قیمت انعامات کی تقسیم بذریعہ قرعہ اندازی ہوئی جس میں لوگوں نے بہت جوش وخروش سے حصہ لیا-

گفتگو کرتے ہوئے، کچھ خواتین کا کہنا تھا کہ اپنوں سے دوری کا احساس چونکہ عید کے موقع پرزیادہ شدت سےہوتا ہے ، ایسے میں دوستوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے کا موقع ملنا گویا ایک نعمت ہے- خواتین پاکستانی کمیونٹی میں اپنا کردار بخوبی نبھا رہی ہیں اور ہر میدان میں پیش پیش نظرآتی ہیں۔

پاکستانیوں کی محفل ہو اور طعام کا اہتمام نہ ہو، یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ لہذا، آخر میں لذیذ طعام سے مہمانوں کی خاطر تواضع کی گئی۔ اور یہ تقریب رات دیر گئے تک جاری رہی۔