جنرل ڈیوڈ پیٹریس اسیکنڈل کی نئی تفصیلات

جنرل(ریٹائرڈ) ڈیوڈ پیٹریس(فائل)

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کیلی نے اتوار کے روز ای میلز کی شکایت کے لیے پولیس کو فون کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ ایک اعزازی قونصل جنرل ہے
جنرل ڈیوڈ پیٹریس اور فلوریڈا کی ایک خاتون جل کیلی کے اسکینڈل کی کچھ نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔ اس اسکینڈل کے نتیجے میں جنرل پیٹریس کو سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔

جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے وائس آف امریکہ کوتصدیق کی ہے کہ جل کیلی کو حال ہی میں اعزازی قونصلیٹ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔

کیلی امریکہ کے اس بڑے اسکینڈل کا ایک مرکزی کردار ہے جس نے دھمکی آمیز ای میلز کی شکایت کی تھی۔ اور سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر ڈیوڈ پیٹریس نے ایک خاتون کے ساتھ اپنے غیر ازدواجی روابط کا اعتراف کرتے ہوئے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر کے طورپر اپنا استعفیٰ پیش کردیاتھا۔

ریٹائرڈ فور اسٹار فوجی جنرل نے گزشتہ ہفتے اپنی سوانح نگار ، پاؤلا براڈویل کے ساتھ ایکسٹرا میریٹل ریلیشنز کا اعتراف کیا تھا۔

کیلی، ٹمپا فلوریڈا کے قریب واقع امریکی سینٹرل کمانڈ کے مرکز میک ڈل ایئر فورس بیس کے ساتھ اپنے اعلی ٰ سطح کے سماجی رابطوں کی بنا پر معروف ہیں۔

فارن پالیسی ڈاٹ کام ویب سائٹ پر ، کیبل نامی ایک بلاگ میں ایک سفارتی عہدے دار کے حوالے سے، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ، کہا گیا ہے کہ کیلی نے جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کی حمایت حاصل کرنے میں مدد دی تھی، اور ٹمپا کے علاقے میں جنوبی کوریا کے سفیر اور ممتاز مقامی تاجروں کے ساتھ ملاقاتوں کا بند وبست کیاتھا ۔

اعزازی قونصلیٹ ایک ایسا شخص ہوتا ہے، جسے عام طور پر کسی دوسرے ملک کی حکومت کی جانب سے کسی ایسے علاقے میں، جہاں اس کا کوئی سفارت خانہ یا قونصلیٹ موجود نہ ہو ، جز وقتی کام کرنے کے عوض معقول معاوضہ ادا کیا جاتا ہے ۔

ہونو لولو میں ریٹائرڈ امریکی سفیر رے برگریٹ ایک اعزازی قونصلیٹ کے روائتی کردار کی وضاحت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ جس ملک کی نمائندگی کرتے ہیں، ان کے شہریوں کی دستاویزات کی توثیق کرتے ہیں ۔ یا اس ملک کا کوئی شہری کسی قانونی مسئلےمیں پھنس جائے تو اعزازی قونصلیٹ اس شخص کی مدد کر سکتا ہے۔

بہت سے اعزازی سفارت کار ایسے افراد ہوتے ہیں جو بنیادی طور پر خود یا ان کے والدین کا تعلق مذکورہ ملک سے ہوتا ہے۔ اس لیے ان کے اس ملک سے کچھ رابطے ہوتے ہیں ۔ کچھ اور واقعات میں یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ اس ملک کی نمائندہ کمپنیوں سے کوئی کاروبار کرتے ہوں ۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کیلی نے اتوار کے روز ای میلز کی شکایت کے لیے پولیس کو فون کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ ایک اعزازی قونصل جنرل ہے اورجس کی بنا پر اسے خصوصی حقوق حاصل ہیں ۔

ا مریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اعزازی سفارت کاروں کو ناقابل تنسیخ حقوق حاصل نہیں ہوتے اور انہیں صرف سرکاری کاموں کے سلسلے میں سفارتی استثنائی حقوق حاصل ہوتے ہیں۔

فلوریڈا کے لیے جنوبی کوریا کا نزدیک ترین سرکاری قونصل خانہ پڑوسی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ہے۔ اور فلوریڈا کے علاقے میامی میں اس کا ایک اعزازی سفارت خانہ قائم ہے جہاں ممتاز کارپوریٹ اٹارنی برٹن لینڈی 1988 سے جنوبی کوریا کے ایک جز وقتی نمائندے کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

اس اسکینڈل نے، جس کے باعث سی آئی اے کے ڈائریکٹر کو اپنی ملازمت سے الگ ہونا پڑا ہے ، وہاں افغانستان میں امریکہ کے اعلیٰ کمانڈر میرین کور جنرل جان ایلن کو بھی متاثر کیا ہے ۔ امریکی یورپی کمان کے سر براہ کے طور پر انکی نامزدگی مؤخر کر دی گئی ہے جب کہ تفتیش کار کیلی کے ساتھ ای میلز کے ان تبادلوں کا جائزہ لے رہے ہیں جنہیں پینٹا گان نے غیر مناسب خط وکتابت کا نام دیا ہے۔