امریکہ: دہشت گردی کے الزام میں دو پاکستانی بھائی گرفتار

پراسیکیوٹرز نے کہاہے کہ قاضی برداران پاکستان میں پیدا ہوئے تھے اور بعدازاں دونوں نے امریکی شہریت حاصل کرلی۔
آک لینڈ پارک، فلوریڈا میں رہنے والے دو پاکستانی بھائیوں کو دہشت گردی کے الزامات میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جمعے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ان دونوں پر ایک امریکی ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کی سازش میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔

دونوں بھائیوں میں سے ایک کا نام رئیس عالم قاضی ہے اور اس کی عمر 20 سال ہے جب کہ دوسرے بھائی کا نام شہریار عالم قاضی ہے اور اس کی عمر 30 سال ہے۔

ان دونوں پر ایک الزام یہ ہے کہ انہوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار کی سازش تیار کی جب کہ دوسرا الزام یہ ہے کہ وہ دہشت گردی کی مدد کے لیے مواد کی فراہمی کی سازش کا حصہ بنے۔

جب کہ ہفتے کے روز ان کے خاندان کے افراد نے دونوں بھائیوں پر عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ دونوں پرامن شہری ہیں اور انہیں نے کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔

فاکس نیوز اور سٹار ٹربیون کی رپورٹس کے مطابق انہیں جمعرات کو ایف بی آئی نے گرفتار کیا تھا اور انہیں برووارڈ کاؤنٹی کی جیل میں رکھا گیا ہے۔

پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ جولائی 2011 سے 29 نومبر 2012 کو اپنی گرفتاری تک کے عرصے کے دوران وہ دونوں امریکہ میں کسی مقام پرایک بڑے پیمانے کے ہتھیار کو استعمال کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ، رقم اور دوسری سہولتیں فراہم کرتے رہے۔

وفاقی حکام نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ ان کا ہدف کیا تھا اور نہ ہی یہ معلومات دیں کہ وہ اپنے منصوبے کی تکمیل سے کتنی دور تھے۔

اس مقدمے کی تحقیقات جنوبی فلوریڈا کا ایف بی آئی کا دہشت گردی سے متعلق ٹاسک فورس کا یونٹ کررہاہے۔

پراسیکیوٹرز نے کہاہے کہ قاضی برداران پاکستان میں پیدا ہوئے تھے اور بعدازاں دونوں نے امریکی شہریت حاصل کرلی۔

دونوں بھائیوں کو جمعے کے روز فورٹ لوڈر ڈیل کی ایک وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا۔

جرم ثابت ہونے پر دونوں بھائیوں کو دہشت گردی میں مدد دینے والا مواد فراہم کرنے کے الزام میں 15 سال قید تک کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ جب کہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار کے الزام پر عمر قید کی سزا مل سکتی ہے۔