سوشل میڈیا پر 'ہم شکل' کی تلاش

'ٹوئن اسٹرنجرس' نامی مہم کے دو ہفتے بعد ہی نیامہ کو اپنی پہلی ممکنہ ہم شکل کیرن کی صورت میں مل گئی ہیں۔۔۔

ڈبلن یونیورسٹی کےتین طالب علموں نے 28دنوں میں اپنا ہم شکل تلاش کرنے کے لیے فیس بک پر 'جڑواں اجنبی' کے نام سے مہم شروع کی ہے۔

جرمنی میں ڈبلن سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ نیامہ گیانے اور ان کے دو ساتھیوں ٹیرنس مین زانگا اور ہیری انگلش نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک دوسرے کو چیلنج دیا ہے کہ وہ 28 دن کے اندر اندر اپنا قریب ترین ہم شکل تلاش کر لیں گے۔

'ٹوئن اسٹرنجرس' نامی مہم کی پرموشن فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر کی گئی ہے اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دو ہفتے بعد نیامہ کو اپنی پہلی ممکنہ ہم شکل کیرن برانیگن کی صورت میں مل گئی ہیں۔

ڈبلن میں نجی ٹی وی کی میزبان نیامہ کی ہمشکل 29 سالہ کیرن کا تعلق آئرلینڈ سے ہے جو نیامہ کے گھر سے ایک گھنٹے کی روڈ مسافت پر رہتی ہیں۔

نیامہ نے فیس بک پر لکھا ہے کہ کیرن سے ملاقات سے پہلےمیں بہت گھبراہٹ محسوس کر رہی تھی کہ اپنی ہم شکل سے ملاقات کے وقت میں کیسا محسوس کروں گی۔

ہماری ملاقات کے دوران میں تمام وقت کیرن کے چہرے کو تکتی رہی، میری نظریں کسی طرح سے اس کے چہرے پر سے نہیں ہٹ رہی تھیں، بلکہ اس کے چہرے کے تاثرات دیکھکر میں نے دل میں سوچا کہ 'یہ تو بالکل میرا چہرہ' ہے اور ناجانے کتنی بار میں نے یہ کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے یہ بہت حیرت انگیز ہے۔

میل آن لائن سے بات چیت میں نیامہ نے بتایا کہ کیرن کی پانچ بہنیں اور ایک بھائی ہے، جبکہ میری دو بہنیں اور ایک بھائی ہے۔ لیکن، ہم دونوں کی شکلیں اپنے کسی بھی بہن بھائی سے ملتی جلتی نہیں ہے۔

نیامہ نے کہا کہ جب ہم دونوں نے میک اپ کے بعد تصاویر بنوائیں تو انھیں دیکھکر ایسا لگا جیسے ایک تصویر کو دوبار کھینچا گیا ہے۔ بقول نیامہ،’اس ملاقات کے بعد وہ اور کیرن فیس بک کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں‘۔

ٹیرنس مین زانگا نے کہا کہ ممکن ہے کہ ہماری جیسے دو، تین یا پھر کئی چہرے ہوں۔

اس مہم میں انسانی تجسس کا عنصر ہے کیونکہ آپ کو یہ تصور بھی غیر حقیقی لگتا ہے کہ کسی روز آپ بالکل اپنےجیسےکسی دوسرے شخص سے ملاقات کریں گے۔تاہم کیرن حیرت انگیز طور پر نیامہ کی قریب ترین ہم شکل ہے ۔

نیامہ اور ان کے ساتھیوں کی کہانی امریکی نجی ٹی وی پرنشر ہوئی ،جس کے بعد دنیا بھر سے لوگوں نےاپنی تصاویر ان کے فیس بک کے صفحےپر۔ شئیر کی ہیں۔

ہم شکل کی تلاش مہم کے ذریعے تینوں دوستوں کی جانب سے سوشل میڈیا کے صارفین کو بھی اپنا ہم شکل تلاش کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا کےصارفین اپنی یوزر تصویر کو فیس بک البم میں شامل کرنے کے بعد ان تینوں دوستوں کےساتھ فیس بک کےصفحےٹوئن اسٹرنجرس کو جوائن کرسکتے ہیں۔

نیامہ اور اس کے ساتھیوں نے 30مارچ سے (http://twinstrangers.com) کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے ہم شکل کی تلاش شروع کی تھی، جس میں انھوں نے سوشل میڈیا صارفین سے اپنا ہم شکل تلاش کرنے میں مدد مانگی ہے۔

اگرچہ اس مقابلے میں نیامہ اب تک فاتح ہیں۔ یہ مہم 27 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔ لہذا، نیامہ کے دوستوں کے پاس شرط جیتنےیا ٹائی کرنے کے لیے ابھی کافی وقت بچا ہے۔

نیامہ کہتی ہیں کہ اس مقابلے میں جیتنے پر کوئی انعام تو نہیں ہے بلکہ اپنے ہم شکل کو پالینا ہمارا اعزازا ہوگا ۔