کشمیر کے دونوں حصوں میں عالمی کمیشن بھیجنے کا مطالبہ

  • روشن مغل

مظفرآباد

پاکستانی کشمیر کے صدر مسعود خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ برطانیہ میں مقیم 10 لاکھ کشمیری وہاں کی سیاست میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا دورہ کرنے والے برطانوی حکمران جماعت کے چھ اراکین پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی صورت حال کا جائرہ لینے کے لئے متنازعہ کشمیر کے دونوں حصوں میں اپنا کمیشن بھجے۔

وفد کے سربراہ کشمیری نژاد رکن پارلیمنٹ، رحمٰن چشتی نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے صدر مسعود خان کی طرف سے ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کے دورے کا مقصد تنازعہ کشمیر کے بارےمیں آگاہی حاصل کرنا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’کشمیر کے دونوں حصوں میں انسانی حقوق کی صحیح صورت حال معلوم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ اپنا کمیشن بھیجے‘‘۔

وفد میں شامل ارکان پارلیمنٹ نائیگل ھوڈلسن، مارک پاسی، ہنری سمتھ، میتھیو اوفورڈ اور رائسٹن سمتھ نے بھی تقریب سے خطاب کے دوران تنازعہ کشمیر کو لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی حمایت کی۔

مسعود خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ برطانیہ میں مقیم 10 لاکھ کشمیری وہاں کی سیاست میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے برطانوی پارلیمنٹیرینز پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک میں مقیم کشمیر تارکین وطن کے ذریعے پاکستانی کشمیر میں سرمایہ کاری کریں۔

برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے بھارتی کشمیر سے ہجرت کر کے پاکستانی کشمیر میں پناہ لینے والوں کے مظفرآباد میں قائم کیمپوں کا بھی دورہ کیا۔