رسائی کے لنکس

مظفر آباد: سیاسی راہنماؤں کا ثالثی کے امریکی بیان کا خیرمقدم


وادیِ نیلم
وادیِ نیلم

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر ںکی ہیلی نے منگل کے روز اخبار نوسیوں کو بتایا تھا کہ ان کا ملک پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لئے کردار ادا کریگا اور کسی ناخوشگوار واقعہ کے رونما ہونے کا انتظار نہیں کریگا

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سیاسی راہنماؤں نے امریکہ کے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کروانے کے لئے کردار ادا کر نے کے بارے میں دیئے گئے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔

واضع رہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر ںکی ہیلی نے منگل کے روز اخبار نوسیوں کو بتایا تھا کہ ان کا ملک پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لئے کردار ادا کریگا اور کسی ناخوشگوار واقعہ کے رونما ہونے کا انتظار نہیں کریگا۔

پاکستانی کمشیر کی حزب مخالف کی جماعت، تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم برسٹر سلطان محمود چوہدری نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لیے مداخلت کا عندیہ قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’گو امریکی صدر ٹرمپ کو ان کے بعض بیانات کے تناظر میں بھارت کا حامی سمجھا جاتا تھا، لیکن پاکستان بھارت کشیدگی کے حوالے سے امریکی بیان حوصلہ افزا ہے‘‘۔

کشمیر کی خودمختاری کی حامی، ’جموں کشمیر لبریشن لیگ‘ کے سیکرٹری جنرل، منظور قادر شیخ نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ’’بھارت و پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بارے میں امریکی بیان خوش آئند ہے‘‘۔

پاکستانی کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ، خالد ابرائیم نے کہا ہے کہ ’’امریکہ کی طرف سے ثالثی کا عندیہ اہمیت کا حامل ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان جو معاہدے ہوئے وہ ثالثی کے نتیجے میں ہی ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ کشمیر کا خطہ پاکیستان اور بھارت کے درمیان شروع سے ہی وجہ تنازعہ بنا ہوا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر پر دو جنگیں بھی ہو چکی ہیں جبکہ گزشتہ برس بھارتی کشمیر کے سرحدی علاقے اوڑی میں ایک فوجی کیمپ پر عسکریت پسندوں کے ایک مبینہ حملے میں 18 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد دوںوں ممالک کی افواج کے درمیان کشمیر کو تقسیم کرنے والی حد بندی لائن پر جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان کشمیر کے خطے کو اپنی شہ رگ اور بھارت اسے اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے۔

XS
SM
MD
LG