انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا میں پیر کو آنے والے زلزلے سے کم از کم 252 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ جب کہ امدادی کارکن عمارتوں کے ملبے میں دبے ہوئے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔
سینجور میں قدرتی آفات سے نمٹنے والی علاقائی ادارے نے بتایا کہ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 252 ہو چکی ہے۔سینکڑوں زخمی ہیں اور 31 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔
مغربی جاوا کے گورنر رضوان کامل نے پیر کے زلزلے کے بعد کہا کہ13 ہزار سے زائد افراد کے گھروں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے اور انہیں امدادی مراکز میں منتقل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر پانچ اعشاریہ چھ تھی۔
زلزلے کا ہدف جزیرہ جاوا میں واقع 25 لاکھ آبادی کا شہر سینجور تھا جو دارالحکومت جکارتہ سے تقریباً 75 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
قدرتی آفات سے متعلق انڈونیشیا کے سرکاری ادارے بی این پی بی نے کہا ہے کہ زلزلے سے 2200 سے زیادہ عمارتوں کو نقصان پہنچا اور 5300 سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے۔
سن 2004 میں انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں 9 اعشاریہ ایک قوت کے زلزلے سے سمندری طوفان پیدا ہوا تھا جس نے بحرہند کے علاقے میں 14 ملکوں میں تباہی مچائی جس سے دو لاکھ 26 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جن میں نصف تعداد انڈونیشیا کے باشندوں کی تھی۔