بل گیٹس کی چین کےصدرشی سے ملاقات جمعہ کو متوقع

فائل فوٹو

فائل فوٹو

مائیکروسافٹ کارپوریشن کے شریک بانی بل گیٹس اپنے دورہ چین کے دوران جمعہ کو چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چین کے صدر شی کی یہ ملاقات حالیہ برسوں میں کسی غیر ملکی نجی کاروباری رہنما کے ساتھ پہلی ملاقات ہوگی۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ون آن ون ملاقات ہو سکتی ہے۔تاہم ذرائع نے یہ نہیں بتایا کہ دونوں کے درمیان کیا بات چیت ہو سکتی ہے۔

گیٹس نے بدھ کو ٹوئٹ کیا کہ وہ 2019 کے بعد پہلی بار بیجنگ پہنچے ہیں اور وہ ان شراکت داروں سے ملاقات کریں گے جو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ عالمی صحت اور ترقی کے چیلنجز پر کام کر رہے ہیں۔

SEE ALSO: گیٹس فاؤنڈیشن کا شدید موسمی اثرات سے متاثرہ چھوٹے کسانوں کے لیے ایک ارب 40 کروڑ عطیے کا وعدہ

گیٹس نے 2020 میں مائیکروسافٹ کے بورڈ سے استعفیٰ دے دیا تھا تاکہ عالمی صحت، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق انسان دوست کاموں پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔ انہوں نے 2008 میں مائیکرو سافٹ میں اپنا کل وقتی ایگزیکٹو رول بھی چھوڑ دیا تھا۔

چین کے صدر شی اور گیٹس کے درمیان آخری ملاقات 2015 میں ہوئی تھی، جب وہ صوبہ ہینان میں بواؤ فورم کے موقع پر ملے تھے۔

سال 2020 کے اوائل میں، چین کے صدر نے گیٹس اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کو ایک خط لکھا جس میں چین کو کووڈ کے خلاف جنگ کے لیے پانچ ملین ڈالر سمیت امداد کے وعدے پر ان کاشکریہ ادا کیا گیا۔

SEE ALSO: پولیو کا خاتمہ؛ گیٹس فاؤنڈیشن کا ایک ارب 20 کروڑ ڈالر عطیہ دینے کا اعلان

خیال رہے کہ چینی صدر نےکووڈ کی وبا کے دوران غیر ملکی نجی کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ بند کر دیا تھا اور اس دوران بیرونِ ملک سفر بھی نہیں کیا جبکہ تقریباً تین سال تک چین نے وبا کے دوران اپنی سرحدیں بند کر دی تھیں۔

اس سال کے شروع میں چین کے دوبارہ کھلنے کے بعد سے کئی غیر ملکی سی ای او چین کا دورہ کر چکے ہیں لیکن زیادہ تر نے حکومتی وزراء سے ملاقات کی ہے۔

(اس خبر میں شامل مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے)