رسائی کے لنکس

گلاسگو: بل گیٹس چھوٹے کاشتکاروں کو معیاری بیج کے لیے 315 ملین ڈالر کا عطیہ دیں گے


بل گیٹس گلاسگو میں منعقدہ عالمی موسمیاتی کانفرنس میں
بل گیٹس گلاسگو میں منعقدہ عالمی موسمیاتی کانفرنس میں

دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسوفٹ کے سربراہ بل گیٹس نے کہا ہے کہ 'بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن' دنیا بھر کے چھوٹے کاشت کاروں کو فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں مدد کے منصوبے کے لیے 31 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا عطیہ فراہم کرے گی، تاکہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والی زراعت مشکل صورت حال سے مؤثر طور پر نمٹ سکے۔

بل گیٹس ان دنوں اقوام متحدہ کی جانب سے گلاسگو میں منعقدہ موسمیاتی تبدیلی کی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

وائس آف امریکہ کو انٹرویو دیتے ہوئے، بل گیٹس نے کہا کہ یہ رقم 'سیڈ کنسورشئم' کے توسط سے کاشتکاروں کو معیاری بیج کی صورت میں فراہم ہوگی، جس کی مدد سے وہ تغیر پذیر موسمی صورت حال کا مقابلہ کرتے ہوئے بہتر پیداوار حاصل کر سکیں گے۔

چھوٹے کاشتکاروں کو درپیش مسائل سے متعلق سوال پر، بل گیٹس نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ کاربن کے اخراج کے بڑھتے تناسب کے نتیجے میں تپش میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ زمینوں پر کاشت کئی اعتبار سے مشکل ہوتی جارہی ہے، جس میں پانی کی کمی اور خشک سالی ایک بڑا عنصر ہے۔

انھوں نے کہا کہ جو لوگ دنیا کے گرم خطوں میں رہتے ہیں ان کے لیے کاشت کا پیشہ مشکل بنتا جا رہا ہے، جن لوگوں کا گزارہ کاشتکاری سے وابستہ ہے ان کی پریشانی بڑھتی جارہی ہے۔ اس مسئلے کے حل کی تدابیر میں دو چیزیں درکار ہیں۔ ایک یہ کہ کاربن کے اخراج میں کمی لانے کی سنجیدہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں، جس کے لیے 2050ء تک کاربن کی سطح نصف تک لانے کا ہدف رکھا گیا ہے؛ دوئم یہ کہ اس دوران موسمیاتی تبدیلی کو نظر میں رکھتے ہوئے فصلوں کی بہتر کٹائی کی تدبیر کی جانی چاہیے۔ اس کے لیےچھوٹے کاشتکاروں کو اناج کے اعلیٰ معیار کے بیج فراہم کرنے کی ضرورت ہے، جسے پورا کرنا ہوگا۔

'سیڈ کنسورشئم' کا ذکر کرتے ہوئے، بل گیٹس نے وضاحت کی کہ یہ ادارہ مختلف ملکوں کے لیے فصلوں کے بہتر بیج فراہم کرے گا، جو یہ صلاحیت رکھتے ہوں گے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے باوجود زیادہ پیداوار دے سکیں۔

انھوں نے کہا کہ 'بل گیٹس اینڈ میلنڈا فاؤنڈیشن' کی جانب سے 31 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے عطیے کے علاوہ اگر ایک ارب ڈالر اضافی میسر آجائیں تو اس کاوش کو مزید بہتر انداز سے پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ اس عطیے سے لاکھوں چھوٹے کاشتکار استفادہ کرسکیں گے، جس ضمن میں جدید کاشتکاری کے طریقہ کار اپنانے پر زور دیا گیا ہے۔

بل گیٹس نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں غیر ترقی یافتہ ملکوں، خاص طور پر افریقی ممالک کو مشکلات درپیش ہیں، جہاں کاشتکاری جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG