اتوار کی رات لاپتہ ہونے والی سیاحتی آبدوز میں شامل پانچ افراد میں دو پاکستانی باپ بیٹا اڑتالیس سالہ شہزادہ داؤد اور ان کے انیس سالہ بیٹے سلمان بھی شامل ہیں۔ ان کا تعلق پاکستان کے ممتاز کاروباری گروپ داؤد ہرکولیس کارپوریشن سے ہے۔یہ سیاحتی آبدوز ، جس میں صرف چند افراد سوار ہو سکتے ہیں، کینیڈا کے جنوب مشرق میں ایک سو دس سال قبل ڈوبنے والے تاریخی بحری جہاز ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کے لئے بحر اوقیانوس کی گہرائی میں گئی تھی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، شہزادہ داود اور ان کے بیٹے سلیمان کے خاندان نے ان کی سب میرین پر موجودگی کی تصدیق کی ہے ۔ شہزادہ داود پاکستان کی ایک بڑی کمپنی اینگرو کارپوریشن کے وائس چئیرمین ہیں اور فرٹیلائزر، گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ، توانائی، اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ وہ کیلی فورنیا میں قائم ایک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سیٹی (SETI)کے ٹرسٹی ہیں۔
اخبار ٹیلیگراف کے مطابق شہزادہ داؤد خیراتی ادارے دا پرنسز ٹرسٹ ( The Prince’s Trust( گلوبل کے بورڈ ممبر ہیں۔ انہوں نے امریکہ اور برطانیہ دونوں جگہ تعلیم حاصل کی۔ وہ پاکستان میں پیدا ہوئے ۔ پھر یونیورسٹی آف بکنگھم میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے برطانیہ میں رہائش اختیار کی۔ جس کے بعد سن دو ہزار میں ٹیکسٹائل مارکیٹنگ میں ماسٹرز کرنے کے لئے امریکہ میں فلاڈیلفیا یونیورسٹی گئے۔
ان دنوں وہ جنوب مغربی لندن کے مضافاتی علاقے سربی ٹون میں اپنے بیٹے ، بیوی کرسٹین اور بیٹی الینا کے ساتھ رہتے ہیں ۔ وہ اور انکا بیٹا دونوں برطانوی شہری ہیں۔
اخبار ٹیلی گراف کے مطابق ، پرنسز ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹیو ول اسٹرا کا کہنا ہے کہ ان کی تنظیم کا شہزاد ہ داؤد اور ان کے خاندان سے پرانا تعلق ہے. اس ہولناک خبر پر ہمیں صدمہ ہے۔ ہم انکی بخیریت واپسی کے لئے دعا گو ہیں۔ اور اس انتہائی مشکل وقت میں ان کے خاندان کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
SEE ALSO: ٹائی ٹینک کی باقیات کی سیر کے لیے جانے والی لاپتا آب دوز کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟کرونا کی وبا کے دوران شہزادہ داؤد کے والد حسین داؤد نے ، جو پاکستان کے دولتمند ترین لوگوں میں سے ایک ہیں،وباء کے خلاف کام کے لئے تین ملین پاؤنڈ کے مساوی رقم دی تھی۔
مسٹر داؤد اور ان کی جرمن بیوی کرسٹین، جانوروں سے محبت کرتے ہیں۔
SEE ALSO: 'ممکن ہے ٹائٹن ، ٹائیٹینک کے ملبے میں الجھ گئی ہو'داؤد فیملی کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان کا بیٹا سلیمان سائنس فکشن پڑھنے کا بہت شوقین ہے اور والی بال کا پلئیر ہے، جبکہ شہزادہ داود کو وائلڈ لائف فوٹوگرافی ، گارڈننگ، اور قدرتی ماحول کو قریب سے دریافت کرنے کا شوق ہے۔
داؤد کے بچوں نے امریکی اے سی ایس انٹرنیشنل اسکول کوب ہیم میں بھی تعلیم حاصل کی اور اسکول نے بھی اپنےسابق طالب علم کے لاپتا ہونے پر تشویش کا اظہار کرنے کے لئے بیان جاری کیا ہے۔
انکے ایک پڑوسی نے انہیں بہترین لوگ قرار دیا اور کہا کرسٹین داؤد باغبانی کی بہت شوقین ہیں۔
اینگرو کارپوریشن نےایک بیان جاری کیا ، جس میں شہزادہ اور ان کے بیٹے کی فوری اور محفوظ واپسی کی دعا کی گئی ہے۔