کیمرون میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے مغربی علاقے کے صدر مقام بافوسم کے قریب سرک کے ایک حادثے میں کم ازکم 30 افراد ہلاک ہو گئے ۔
گورنر نصری پال بی نے بتایا ہے کہ بس جمعے کی صبح بوٹوروقصبے کے ایک دریا میں گر گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ زندہ بچ جانے والے دو مسافروں کو بس سے نکال کر علاج معالجے کے لیے یوندے میں پہنچا دیا گیا ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ حکام تحقیقات کر رہے ہیں۔ حادثے کی وجہ کا تاحال علم نہیں ہے، لیکن اس طرح کے حادثوں کا عمومی سبب، سڑکوں کی خراب حالت اور ڈرائیوروں میں مہارتوں کی کمی ہوتا ہے۔
کیمرون کی وزارت ٹرانسپورٹ کے ایک اندازے کے مطابق ہر سال 15 سو کے لگ بھگ افراد سڑک کے حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔