پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا پہلا ٹی 20 پاکستان نے 66 رنز سے جیت لیا۔
میچ کی خاص بات بابر اعظم کی بیٹنگ اور عماد وسیم کی باؤلنگ رہی۔
ٹاس آسٹریلیا کے کپتان اے جے فنچ نے جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ابھی اسکور 32 رنز ہی تک پہنچا تھا کہ فخر زمان آؤٹ ہو گئے۔
ان کی جگہ محمد حفيظ نے لی جنہوں نے 39 رنز بنائے۔ حسن علی نے 17 رنز بنائے اور وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔
بابر اعظم بھی ناٹ آؤٹ رہے انہوں نے 68 رنز بنائے، فخر زمان نے 14 رنز بنائے جبکہ، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، سرفراز احمد، شاداب احمد اور عماد وسیم نے 10سے بھی کم رنز بنائے۔
ان میں سے تین کھلاڑی فہیم اشرف، سر فراز احمد اور عماد وسیم تو بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔
یوں پاکستان نے 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے لیکن آسٹریلیا کی ٹیم یہ ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکام رہی۔
آسٹریلیا کے اوپنر اور کپتان فنچ صفر پر آؤٹ ہوئے اور 22 رنز کے معمولی اسکور پر چھ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جبکہ باقی کھلاڑی بھی 89 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے تین وکٹ حاصل کئے۔ فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2،حسن علی اور شاداب خان نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔