خیبر پختونخوا میں ایک ڈاکٹر کرونا وائرس سے متاثر

فائل

خیبر پختونخوا کے شہر سوات کے مانیار علاقے میں امریکہ سے آئے ہوئے ایک ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایبٹ آباد کے ضلعی ہیلتھ افسر ڈاکٹر فیصل زادہ کے مطابق، ڈاکٹر جواد عالم ایک ہفتہ قبل سوات آیا تھا اور اب ایبٹ آباد میں رہائش پذیر ہے۔

سوات میں محکمہ صحت کے افسر ڈی ایچ او ڈاکٹر اکرام شاہ نے بتایا کہ ڈاکٹر جواد عالم ایک ہفتہ قبل امریکہ سے سوات آئے تھے۔ ان میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ان کے مطابق، موصوف خود ڈاکٹر ہیں اور ان کو اندازہ تھا کہ انہیں کرونا وائرس ہو سکتا ہے۔ اسی لیے، انہوں نے سوات مانیار میں خود کو قرنطین کیا ہوا تھا۔ کسی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملایا اور نہ ہی کسی تقریب میں شرکت کی ہے۔

چار دن سوات میں رہنے کے بعد، وہ ایبٹ آباد منتقل ہو گئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے احتیاطی تدبیر کے طور پر مانیار کے علاقے میں آپریشن شروع کر دیا ہے اور علاقے کو قرنطین قرار دیا گیا ہے۔

ضلعی ہیلتھ افسر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ باہر ملکوں سے آئے ہوئے تمام لوگوں پر نظر رکھی جائے اور ان کی آمد کی اطلاع فوراً محکمہ صحت کو دی جائے۔ بقول ان کے، محکمہ صحت تمام لوگوں کو موثر مشورے اور علاج کی سہولیات مفت فراہم کر رہا ہے۔