بنگلا دیش کو آئندہ دو سال کے لئے ایشین کرکٹ کونسل ،اے سی سی کی صدارت مل گئی۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم الحسن اے سی سی کے سربراہ ہوں گے ۔
وہ 2020 تک یہ عہدہ اپنے پاس رکھ سکیں گے جبکہ پچھلے دو سال سے یہ عہدہ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کے پاس تھا۔
نئی صدارت کا فیصلہ احسان مالی کی صدارت میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوا۔
اجلاس میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے بھی شرکت لیکن اس میں بھارت کا کوئی نمائندہ شامل نہیں ہوا۔
نو منتخب صدر نجم الحسن نے کہا کہ بھارتی، پاکستانی، سری لنکن اور بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ آپس میں کھیلنا چاہتے ہیں لیکن درمیان میں کچھ سیاسی مسائل آجاتے ہیں ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایمرجنگ ایشیاء کپ سات سے نو دسمبر تک کراچی میں ہوگا جس میں شرکت کے لئے بنگلہ دیش،ہانگ کانگ اور امارات نے آمادگی ظاہر کردی ہے۔
اے سی سی کے رکن ملکوں کے 33 نمائندے شریک ہیں جن میں خود نجم الحسن، نظام الدین چوہدری (سی ای او)، چیف ایگزیکٹیو سری لنکن کرکٹ بورڈ ایشلے ڈی سلوا، افغان کرکٹ بورڈ کے صدر عزیزاللہ فضل، اے سی سی کے چیف ایگزیکٹیو شفیق ستنکزئی اور امارات کرکٹ بورڈ کے نمائندے ولید بختیار شامل ہیں جبکہ کویت، سعودی عرب، اومان، بحرین، قطر، سنگاپور، تھائی لینڈ اور نیپال کے نمائندے بھی شریک تھے۔
بنگلادیش سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کےموجودہ چیئرمین احسان مانی اور سابق چیئرمین نجم سیٹھی اس کے صدر تھے ۔