ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے حالیہ بیان کی تردید کرتے ہوئے اسے 'بے بنیاد' قرار دیا ہے۔
اے سی سی نے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ جمعرات کو اے سی سی کیلنڈر 24-2023 اورپاتھ وے اسٹرکچر کا اعلان کیا جس پر نجم سیٹھی کی جانب سے کونسل کے صدر پر یک طرفہ طور پر کیلنڈر کو حتمی شکل دینے اور اس کا اعلان کرنے کی بات کی گئی۔تاہم اے سی سی واضح کرنا چاہتا ہے کہ اس نے اس پورے عمل میں طے شدہ طریقہ کار پر عمل کیا۔
واضح رہے کہ اے سی سی کے صدر جے شاہ نے جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں رواں سال پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی تاریخ سمیت ایشین کرکٹ کونسل کے کیلنڈر کا اعلان کیا تھا۔
اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اے سی سی کے صدر جے شاہ کی ٹوئٹ پر طنزیہ جواب دیتے ہوئے انہیں یاد دلایا تھا کہ ایشیا کپ 2023 جو ان کے یک طرفہ پیش کیے جانے والے کیلنڈر کا حصہ ہے، اس کا میزبان پاکستان ہے مگر اس پر 'آپ کا کام کرنا قابلِ تعریف ہے ۔'
انہوں نے اسی ٹوئٹ میں جے شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ 'جب آپ یہ سب کر ہی رہے ہیں تو آپ ہمارے پی ایس ایل 2023 کا کیلنڈر بھی پیش کر دیں ، اس حوالے سے آپ کا فوری ردِعمل قابل ستائش تصور کیا جائے گا۔'
نجم سیٹھی کے اس بیان پر اے سی سی نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ کیلنڈر کو اس کی ڈویلپمنٹ کمیٹی اور فنانس اینڈ مارکیٹنگ کمیٹی کے 13 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں مںظور کیا گیا تھا۔
اے سی سی کے مطابق اس کیلنڈر کی منظوری کے بعد 22 دسمبر 2022 کو بذریعہ ای میل کیلنڈر سےپاکستان کرکٹ بورڈ سمیت تمام شریک اراکین کو انفرادی طور پر مطلع کیا گیا۔ بعض بورڈز کی جانب سے جوابات موصول ہوئے تاہم پی سی بی کی جانب سے کوئی ردِعمل یا مجوزہ ترمیم موصول نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ رواں سال ہونے والا ایشیا کپ پاکستان میں ہوگا ، اس کا فیصلہ گزشتہ برس اکتوبر میں ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ نے کیا تھا۔ لیکن اس کے بعد سے متعدد مرتبہ بھارتی کرکٹ بورڈ خصوصاً جے شاہ پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا عندیہ دیتے رہے ہیں۔
گزشتہ برس بھارتی کرکٹ بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جے شاہ کا کہنا تھا کہ 2023 میں ہونے والا ایشیا کپ پاکستان میں منعقد نہیں ہوگا، کیوں کہ بھارتی ٹیم کو پڑوسی ملک جانے کے لیے حکومت کی اجازت درکار ہوگی۔
تاہم نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ اگر آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہیں تو بھارتی ٹیم کیوں نہیں کر سکتی۔