عیسائیت قبول کرنے والا افغان شہری جیل سے رہا

عیسائیت قبول کرنے والا افغان شہری جیل سے رہا

افغان حکام کا کہنا ہے کہ اسلام چھوڑ کر عیسائیت اختیار کرنے والے ایک مقامی شخص کو نو ماہ کی حراست کے بعد سرکاری تحویل سے رہا کردیا گیا ہے۔

جمعہ کے روز افغان دارالحکومت کابل کی مرکزی جیل کی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ استغاثہ کی جانب سے ناکافی شہادتوں کی بنیاد پر مقدمہ چلانے سے سے معذوری ظاہر کرنے کے بعد سید موسیٰ نامی قیدی کو رواں ہفتے کے آغاز میں رہا کردیا گیا تھا۔

46 سالہ سید موسیٰ کو حکام نے ایک مقامی افغان چینل سے اسکی بپتسمہ کی تقریب کی ویڈیو نشر ہونے کے بعد گزشتہ سال مئی میں گرفتار کیا تھا۔ یہ واضح نہیں کہ رہائی کے بعد چھ بچوں کا باپ سید موسیٰ کہاں مقیم ہے۔

حکام کے مطابق اسلام ترک کرکے عیسائیت قبول کرنے والا شعیب اسد اللہ نامی ایک اور شخص اس وقت بھی حکومت کی تحویل میں ہے۔ اسداللہ کو گزشتہ سال اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب اس نے ایک دوست کو عیسائیوں کی مذہبی کتاب بائبل پڑھنے کیلیے دی تھی۔