اَقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اِس سال اب تک پاکستان سے رضا کارانہ طور پر وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین کی تعداد 70 ہزار ہو گئی ہے جن کی اکثریت صوبہ خیبر پختونخواہ میں مقیم تھی۔
عالمی تنظیم کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ اڑھائی ماہ میں یہ تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 30 ہزار ہو جائے گی جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں دُگنی ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ خصوصاََ جون کے مہینے میں واپس جانے والے مہاجرین کی تعداد میں تیزی آئی ہی اور روزانہ 800 سے زائد افراد یواین ایچ سی آر کے رضاکارانہ طور پر واپسی کے پروگرام کے تحت افغانستان جار ہے ہیں۔
یواین ایچ سی آرکے پاکستان میں نمائندے منگیشا کبیڈی نے کہا ہے کہ افغانستان میں سلامتی کے خدشات اور مشکل سماجی و معاشی حالات کے باوجود 70 ہزار افغانوں کی تسلسل سے واپسی اس بات کا مظہر ہے کہ مہاجرین کی اکثریت اپنے ملک میں مواقعوں کی دستیابی کے بارے میں پُر اعتماد ہے۔
عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ افغان پناہ گزینوں نے وطن واپس جانے کی بڑی وجوہات پچھلے چند ماہ کے دوران پاکستان میں مشکل اقتصادی وسلامتی کی صورت حال اور افغانستان کے کچھ صوبوں میں روزگار کے بہتر مواقع بیان کی ہیں۔
وفاقی وزیر نجم الدین خان نے وائس آف امریکہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے عمل کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ افغان حکومت، پاکستان اور یو این ایچ سی آر کے مابین طے پانے والے معاہدے کے تحت تما م مہاجرین 2012 ء تک افغانستان واپس چلے جائیں گے۔
پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اتوار کو کابل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام افغان وزیر برائے مہاجرین انجینئر عبدالرحیم نے کہا کہ یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ اس وقت بھی پاکستان اور ایران میں درج شدہ افغان پناہ گزینوں کی مجموعی تعداد 27 لاکھ ہے۔
انھوں نے کہا کہ افغانستان میں تعمیر نواور ترقی کے منصوبوں کے لیے بین الاقوامی برادری کی حمایت کے تسلسل سے ہی مستقبل میں مزید افغان مہاجرین کی حوصلہ افزائی ہو گی تاکہ وہ اپنے وطن واپس آسکیں۔
ان 27 لاکھ افغان مہاجرین کی غالب اکثریت 25 سال سے بھی زائد عرصے سے پاکستان اور ایران میں آباد ہے اور ان میں سے نصف سے زیادہ جلاوطنی میں پیدا ہوئے۔ یواین ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ ان افغانوں کو وطن واپس جا کر اندراج کے عمل میں پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے۔
پچھلے آٹھ سالوں کے دوران اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق مجموعی طور پر50 لاکھ افغان مہاجرین وطن واپس جا چکے ہیں جس کے باعث افغانستان کی اندازاََ اڑھائی کروڑ کی آبادی میں 20 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔