نیٹو نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں منگل کو ایک بم دھماکے میں بین الاقوامی افواج کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔
ہلاک ہونے والے فوجی کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
نیٹو کا کہنا ہے کہ پیر کو شمالی افغان صوبے بغلان میں ایک طالبان رہنما کی تلاش میں کی گئی اتحادی اور افغان فورسز کی مشترکہ کارروائی میں متعدد شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
بین الاقوامی افواج کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دستی بموں اور رائفلوں سمیت دیگر اسلحہ قبضے میں بھی لیا، جسے بعد میں تباہ کر دیا گیا۔
بغلان ہی میں نیٹو اور افغان افواج نے علاقے میں ہونے والے کئی خودکش حملوں میں ملوث اور 60 سے زائد جنگجوؤں کی قیادت کرنے والے ایک سینیئر طالبان رہنما کو گرفتار بھی کیا۔
جنوبی صوبے قندھار میں سکیورٹی فورسز نے ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے ایک بڑے ذخیرے پر قبضہ کر لیا۔