شمالی افغانستان میں ایک نیٹو فوجی ہلاک

شمالی افغانستان میں ایک نیٹو فوجی ہلاک

افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج نے کہا ہے کہ ملک کے شمالی حصے میں شدت پسندوں کے حملے میں اِن کا ایک فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔

نیٹو کی طرف سے بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں نا تو ہلاک ہونے والے اہلکار کی قومیت بتائی گئی اور نا ہی اس واقعہ کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

اُدھر مشرقی افغان صوبے خوست میں حقانی نیٹ ورک کے ایک رہنما کے خلاف منگل کو کی گئی فضائی کارروائی میں ایک شدت پسند مارا گیا۔ نیٹو کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد افغان اور اتحادی افواج نے جائے وقوعہ سے ایک عسکریت پسند کو گرفتار بھی کیا۔

بین الاقوامی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرحد سے ملحقہ خوست صوبے میں حقانی نیٹ ورک کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کی گئی کارروائیوں میں لگ بھگ ایک درجن سینیئر رہنماؤں کو ہلاک یا گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اِن میں قاری نصیب خان بھی شامل ہیں جنھیں نیٹو نے گذشتہ ہفتے ایک فضائی کارروائی کے نتیجے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

افغانستان میں 2001ء میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے رواں سال نیٹو کے لیے مہلک ترین ثابت ہو رہا ہے۔