افغانستان میں تعینات امریکی و نیٹو فورسز کے کمانڈر جنرل جان ایلن نے کہا ہے کہ بین الاقوامی افواج نے امریکی ہیلی کاپٹر مار گرانے والے طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔
گزشتہ ہفتہ کو پیش آنے والے اس واقعہ میں 30 امریکی اور آٹھ افغان فوجی ہلاک ہو گئے تھے جن میں اکثریت کا تعلق امریکہ کی خصوصی کمانڈو فورس سے تھا۔
بدھ کو امریکی محکمہ دفاع میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں جنرل ایلن نے انکشاف کیا کہ افغانستان میں تعینات افواج نے اس حادثے میں شامل عسکریت پسندوں کا کھوج لگایا اور پیر کی صبح ایک فضائی حملہ کرکے اُنھیں ہلاک کر دیا۔
دریں اثنا افغانستان سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حملے میں طالبان کا رہنما ملا محب الله اور وہ شدت پسند مارا گیا جس نے امریکی شنوک ہیلی کاپٹر پر راکٹ داغا تھا۔