نیٹو نے کہا ہے کہ افغانستان کے بعض حصوں میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان حکام کو منتقل کرنے کے لیے انتظام کرلیا گیا ہے۔
عالمی تنظیم کے سیکرٹری جنرل اینڈرس فو راسمسن کا کہنا ہے کہ افغان فوج اور پولیس ”اپنے ملک اور عوام کی سلامتی کی ذمہ داریوں کی قیادت کرنے کے لیے اب تیار ہے“۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو برسلز میں ہونے والے نیٹو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں تنظیم کے 28 ملکوں کے وزرائے دفاع اورافغانستان میں بین الاقوامی افواج میں شامل 20 دوسرے ممالک کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔
توقع ہے کہ افغانستان کے صدر حامد کرزئی سلامتی کی ذمہ داریاں مقامی فورسز کو منتقل کرنے کے عمل کا باضابطہ اعلان 21 مارچ کو کریں گے۔ پہلے مرحلے میں جن چھ علاقوں کا انتظام افغان حکومت کی افواج کو منتقل کیا جائے گا اُن میں لشکر گاہ، مزار شریف اور ہرات کے صوبائی دارالحکومت شامل ہیں۔