ایک تازہ سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ افغانستان کے سب سے شورش زدہ علاقے ہلمند میں عسکریت پسندوں کے خلاف اتحادی افواج کی صلاحیت پر لوگوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جب کہ بہت سے دوسرے افراد یہ محسوس کرتے ہیں کہ عسکریت پسند امریکی اور دیگر اتحادی فوجیوں پر حملے کرنے میں حق بجانب ہیں۔
رائے عامہ کا حالیہ جائزہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہلمند صوبے میں سیکیورٹی کی صورت حال پر لوگوں کا اعتماد جو 2009ء میں صرف 14 فی صد تھا، اب بڑھ کر 67 فی صد تک پہنچ چکاہے۔
یہ نتائج افغانستان کے 34 صوبوں میں 1691 بالغ افراد کے انٹرویوز سے مرتب کیے گئے ہیں جو واشنگٹن پوسٹ، اے بی سی نیوز، بی بی سی اور جرمنی کے اے آرڈی ٹیلی ویژن نے افغانستان کے رائے عامہ کے جائزوں سے متعلق ادارے کے تعاون سے کیے۔
تقریباً 30 فی صد افغانوں کا کہناہے کہ شورش پسند افغان فورسز پر حملوں میں حق بجانب ہیں، اگرچہ طالبان کے لیے حمایت بدستور کم ہے۔
مجموعی طورپر امریکہ کے حق میں خیالات، افغانستان میں امریکہ کی کارکردگی کی سطح ، لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت پر اعتماد اور ان کی وہاں موجودگی کے لیے حمایت میں کمی آئی ہے یا وہ اسی کم تر سطح پر ہے جتنی کہ وہ اس سے پہلے تھی۔
نصف سے زیادہ افغانوں کا خیال ہے کہ اتحادی افواج کو 2011 کے وسط یا اس سے قبل ملک سے چلے جانا چاہیے۔