صدر غنی کا متنازع قومی شناختی کارڈ کے اجرا کا افتتاح

کابل

افغان صدر اشرف غنی نے جمعرات کے روز الیکٹرانک شہری شناختی کارڈ کے اجرا کے کام کا افتتاح کیا، جو ایک مدت سے رکا ہوا تھا۔ تاہم، اُن کے انتظامی ساتھی، چیف اگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے تقریب کا بائیکاٹ کیا اور اس عمل کی قانونی حیثیت اور وقت کے تعین سے متعلق سوال اٹھائے۔

صدر اور خاتون اول، رولا غنی کے ہمراہ موجود متعدد اعلیٰ اہلکاروں نے نئے شناختی کارڈ حاصل کیے، جنھیں مقامی طور پر ’اِی تسکیرا‘ کہا جاتا ہے۔ نئے شناختی کارڈ کے اجرا کی یہ باضابطہ اور خصوصی تقریب کابل میں منعقد ہوئی۔

موجودہ قومی شناختی کارڈ کاغذ کے بنے ہوتے ہیں، اور اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ جعل سازی اور دھوکہ دہی کے حربوں کی نذر ہو سکتے ہیں۔ صدر غنی نےجمعرات کو ہونے والی اس تقریب میں یہ تشویش دہرائی۔