نیٹو نے پیر کے روز کہا ہے کہ جنوبی افغانستان میں اتحادی افواج کے ایک فضائی حملے میں مبینہ طور پر شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں۔
بین الاقوامی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل افغان اور نیٹو افواج نے صوبہ ہلمند کے ضلع باغران میں ایک اہم طالبان رہنما کے خلاف کی گئی ایک مشترکہ کارروائی میں پندرہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔
نیٹو کے مطابق جب سکیورٹی فورسز نے علاقے میں چند مکانوں کا محاصرہ کیا تو اُن پر فائرنگ کی گئی جس کے جواب میں فوجیوں نے حملہ آوروں پر فضائی حملے کی درخواست کی۔ لیکن اس سے پہلے یہ یقین دہانی کرلی گئی تھی کہ اس جگہ کوئی شہری موجود نہیں ہے۔
البتہ صوبائی حکام نے نیٹو کے فضائی حملے میں شہریوں سمیت پچیس افراد کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ علاقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں ایک مسجد بھی تباہ ہوئی۔
دریں اثنا نیٹو نے کہا ہے کہ اتوار کو مشرقی افغانستان میں شدت پسندوں کے ایک حملے میں اس کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ، جس کے بعد رواں سال ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد چھ سو ہو گئی ہے۔ نو سال سے جاری جنگ میں بین الاقوامی افواج کو سب سے زیادہ جانی نقصان 2010ء میں ہوا ہے۔