افغان عہدیدار کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں مہاجرین کے ایک کیمپ میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک ہو گئے، جن میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔
یہ واقعہ صوبہ ننگرہار میں پیش آیا۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ پریس‘ نے صوبہ ننگرہار کے ترجمان عطااللہ خوگیانی کے حوالے سے بتایا کہ اس واقعہ میں خاندان کے چار دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
حکام کے مطابق یہ چھت پیر کو الاصبح گری اور اُس وقت گھر میں موجود افراد سو رہے تھے۔
بتایا جاتا ہے جس خاندان کے افراد چھت گرنے سے ہلاک ہوئے، وہ حال ہی میں پڑوسی ملک پاکستان سے افغانستان واپس آئے تھے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین ’یو این ایچ سی آر‘ کے مطابق پاکستان میں اب بھی لگ بھگ 13 لاکھ اندراج شدہ افغان پناہ گزین آباد ہیں جب کہ پاکستانی حکام کے مطابق تقریباً 10 لاکھ افغان شہری بغیر دستاویزات کے یہاں رہ رہے ہیں۔
پڑوسی ممالک پاکستان اور ایران سے واپس آنے والے شہریوں کی آباد کاری کے لیے افغان حکومت کوششوں میں مصروف ہے اور عموماً اُنھیں ٹھہرانے کے لیے جلدی میں کیمپ قائم کیے جاتے ہیں جن میں سے ایک مشرقی صوبے ننگر ہار میں بھی واقع ہے۔