افغان حکام نےبتایا ہے کہ ملک کے شمالی حصے میں ہونےوالے خود کش حملے میں تین امریکی فوجیوں سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کےمطابق خود کش حملہ آورایک موٹرسائیکل پرسوارتھا اوراس نے افغان صوبے فریاب کے مرکزی شہر میمنہ کے ایک پبلک پارک کو نشانہ بنایا۔
واقعے میں کم از کم 26 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
قبل ازیں، افغان پولیس نے حملے میں چار پولیس اہلکاروں اور چھ عام شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی لیکن بعد ازاں مغربی حکام نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ حملے میں تین امریکی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
صوبہ فریاب کے پولیس سربراہ عبدالخالق اقصعی کے مطابق حملے کے وقت امریکی فوجی پارک میں لوگوں کے تاثرات فلم بند کر رہے تھے۔
حملے کے فوری بعد کی ایک ویڈیو فوٹیج میں غیرملکی فوجیوں کو افغان شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ خون آلود فرش پر بے سدھ پڑے دیکھا جاسکتا ہے۔
افغانستان میں رواں برس اب تک طالبان شدت پسندوں کے حملوں میں لگ بھگ 100 غیر ملکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔