افغانستان کے لیے نئے امریکی سفیر ریان کروکر نے پیر کو کابل میں باضابطہ طو ر پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور اس موقع پر انھوں نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ امریکہ اس ملک سے نکلنے کی جلدی میں نہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ 1990 ء کی دہائی کے اوائل میں امریکہ نے افغانستان سے نکلنے کی غلطی کی تھی جو افغان خانہ جنگی، طالبان کے عروج ، القاعدہ کا اس ملک کو پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنا اور گیارہ ستمبر 2001ء میں امریکہ پر دہشت گرد انہ حملوں کا باعث بنی۔
امریکی سفیر نے کہا کہ اُن کے ملک کوافغانستان میں مستقل فوجی اڈے رکھنے میں کوئی دلچسپی نہیں لیکن وہ پُر اعتماد ہیں کہ2014ء تک ملک سے لڑاکا امریکی فوجیوں کے انخلا ء کے بعد بھی امریکہ طالبان کو دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکنے کے قابل ہوگا۔