رومانیہ کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جنوبی افغانستان میں بم دھماکے سے اُس کا ایک فوجی ہلاک ہو گیا ہے ۔
وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ یہ دھماکا منگل کو صوبہ زابل میں اُس وقت ہوا جب فوجی علاقے میں معمول کی گشت کر رہے تھے۔ افغانستان میں رومانیہ کے 1700 فوجی تعینات ہیں۔
پیر کوافغانستان کے مشرقی صوبوں میں عسکریت پسندوں نے افغان سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرکے 11 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
افغان حکام نے بتایا ہے کہ شدت پسندوں نے صوبہ غزنی میں حملہ کر کے چار اہلکاروں کو ہلاک کیا جب کہ پاکستان کی سرحد سے ملحقہ صوبہ خوست میں حکام کو پیر کے روز چار لاشیں ملیں، ان افراد کو ایک روز قبل جنگجوؤں نے اغواء کیا تھا۔ جب کہ تیسرا واقعہ صوبہ لغمان میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے نیٹو افواج کے قافلے پر حملہ کیا جس سے تین شہری ہلاک اور متعد د زخمی ہوگئے۔
جنوبی افغانستان میں پیر کو بم دھماکے میں ایک نیٹو فوجی بھی ہلاک ہو گیا تھا۔