افغانستان کے مغربی علاقے میں جمعرات کو ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق صوبہ ہرات کے قریب یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس سڑک میں نصب بم سے ٹکرا ئی۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
دریں اثناء جمعرات کو ہی صوبہ پکتیاکے شہر گردیز میں امریکہ کی زیر قیادت بین الاقوامی افواج کے ایک اڈے پر خودکش ٹرک بم حملے میں دو افغان سکیورٹی گارڈز ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک پر سوار حملہ آور حساس علاقے کے داخلی دروازے تک پہنچا اور جب محافظو ں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے بارود میں دھماکا کردیا۔
طالبان نے امریکہ کی زیر نگرانی کام کرنے والی تعمیر نو کی صوبائی ٹیم کے اس اڈے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔