رسائی کے لنکس

افغانستان :عسکریت پسندوں کے حملے میں22 ہلاک


افغانستان :عسکریت پسندوں کے حملے میں22 ہلاک
افغانستان :عسکریت پسندوں کے حملے میں22 ہلاک

وسطی افغانستان میں مسلح افراد اور خودکش بمباروں کے ایک منظم حملے میں کم از کم 22 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

اتوار صُبح کی گئی اس کارروائی کا ہدف پروان صوبے کے گورنرکا دفتر تھا اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اب تک 34 افراد کو صوبائی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ مرنےوالوں میں سولہ سرکاری ملازمین اور چھ پولیس اہلکار شامل ہیں۔

صوبائی گورنر عبدل بشیر سالنگی کے بقول اُن کے دفتر پر حملہ کرنے والوں میں لگ بھگ چھ خودکش بمبارشامل تھے۔ حملے کے وقت گورنر کے دفتر میں سکیورٹی حکام کا اجلاس ہورہا تھا۔ صوبائی عہدے داروں کے مطابق اجلاس میں پولیس کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ’’غیر ملکی‘‘ ماہرین بھی شریک تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران کئی دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ طالبان عسکریت پسندوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اتوار کو افغانستان کے دیگر علاقوں میں پیش آنے والے تشدد کے واقعات میں نیٹو کے ایک فوجی سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے جن میں اکثریت طالبان عسکریت پسندوں کی ہے۔

نیٹو کے فوجی کی ہلاکت ملک کے مشرقی حصے میں عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں ہوئی تاہم بین الاقوامی افواج کے اتحاد نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

وسطی افغان صوبے غزنی میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے حملہ کر کے اطلاعات کے مطابق دو افغان پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ جبکہ کابل میں وزارت داخلہ اور نیٹو کی طرف سے جاری ہونے والے بیانات میں ملک بھر میں کی گئی کارروائیوں میں 17 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG