امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے، دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
واشنگٹن کے ایک تھنک ٹینک، ’انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹیجک اسٹڈیز‘ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار سے گفتگو میں شرکت کے بعد، ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں سے لے کر سائنس، تعلیم اور انسانی ترقی کے ہر شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں، جس تعاون کو جاری رہنے کی ضرورت ہے۔
اُنھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس سلسلے میں آئندہ بھی تعاون جاری رہے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور افغانستان میں دہشت گردی کے لئے پاکستان کو موردِ الزام ٹہرانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
حال ہی میں امریکہ نے پاکستان کو ’کولیشن سپورٹ فنڈ‘ کے تحت سال 2016ء کے لئے مختص پانچ کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امدادی رقم کی ادائیگی روکنے کا اعلان کیا ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ افغانستان کے بارے میں امریکہ کی نئی حکمت عملی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔