امریکی معاون نائب وزیرِ برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور، ایلس ویلز جنوری کی 13 سے 22 تاریخ تک سری لنکا، بھارت اور پاکستان کا دورہ کریں گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے جمعرات کو ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ جنوری کی 13 سے 14 تاریخ تک ایلس ویلز سری لنکا کا دورہ کریں گی، جہاں وہ سرکاری اہل کاروں اور سول سوسائٹی کے ارکان سے ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ اور علاقائی امور پر بات کریں گی۔
ترجمان نے کہا کہ ’’بات چیت میں مشترکہ مفادات، ہند و پیسیفک خطے کی خوش حالی، جمہوریت، انصاف اور انسانی حقوق کے بارے میں آزادانہ اور کھل کر گفتگو کی جائے گی‘‘۔
ایلس ویلز جنوری کی 15 سے 18 تاریخ تک بھارت کا دورہ کریں گی جہاں وہ ’رائزنگ ڈائیلاگ‘ کے اجلاس میں شریک ہوں گی۔
نئی دہلی میں وہ سینئر سرکاری حکام سے ملاقات کریں گی جس کے دوران امریکہ بھارت عالمگیر اسٹریٹجک پارٹنرشپ 2019 کی کامیابی کے بارے میں گفتگو کریں گی۔
وہ امریکہ بھارت ’ٹو پلس ٹو‘ وزارتی مکالمے میں بھی شریک ہوں گی جس میں وہ کاروباری برادری اور سول سوسائٹی کے ارکان سے باہمی مفاد کے عنوان پر بات چیت کریں گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ جنوری کی 19 سے 20 تاریخ تک ایلس ویلز پاکستان کا دورہ کریں گی۔
دورۂ پاکستان میں ایلس ویلز سینئر سرکاری حکام اور سول سوسائٹی کے ارکان سے ملاقات کریں گی، جس میں دوطرفہ امور اور علاقائی تشویش کے معاملات زیرِ غور آئیں گے۔