پنسلوانیا کے علاقے میں ایک پاکستانی نژاد نوجوان کو اپنے والد کو چھریوں کے وار سے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ اسی طرح کا ایک دوسرا واقعہ گزشتہ ماہ نیویارک میں بھی پیش آیا تھا۔
میری لینڈ پولیس کے مطابق 18 سالہ محمد حسنات عباسی نے 18 اگست کی صبح اپنے والد کو گھر میں کسی بات پر اشتعال میں آکر مبینہ طو پر قتل کر دیا اور والد کی ویگن لے کر قریبی ریاست پنسلوانیا فرار ہوگیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزم حسنات نے پنسلوانیا میں ایک کار ریسٹ ایریا سے اپنے ایک رشتہ دار کو ٹیلی فون پر درخواست کی کہ وہ میری لینڈ میں مقیم ان کی والدہ کو فون کرکے والد کے کمرے کی تلاشی لینے کو کہے۔
اطلاعات کے مطابق، جب والدہ نے شوہر شکیل عباسی کے کمرے کی تلاشی لی تو وہ بے رحمی سے زخمی کئے جانے کے باعث ہلاک ہو چکے تھے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر ٹیلی فون کال کو ٹریس کرکے پنسلوانیا میں کار ریسٹ ایریا سے نوجوان محمد حسنات عباسی کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق، قتل کے محرکات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ متاثرہ خاندان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پاکستان میں مری کے علاقے کے رہائشی تھے اور مقتول شکیل عباسی گزشتہ 28 برسوں سے ٹیکسی چلا کر اپنے خاندان کو پال رہے تھے۔
اسی طرح کا ایک واقعہ گزشتہ ماہ نیویارک میں بھی پیش آ چکا ہے جس میں ایک پاکستانی نژاد امریکی نوجوان حسن رزاق نے گھریلو ناچاقی پر اپنے والد چوہدری رزاق کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا تھا۔
دونوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ تاہم، اطلاعات کے مطابق، ان واقعات نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔